• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میدان سجے گا

کرکٹ کا جنون اب متحدہ عرب امارات سے پاکستان آ رہا ہے، پی ایس ایل کے اگلے مرحلے میں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میدان سجے گا۔

پچھلے سال کا فائنل کھیلنے والی ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا بڑا ٹاکرا آج لاہور میں ہوگا،جو ہارے گا اس کا پی ایس ایل تھری میں سفر تمام اور جو جیتے گا اس کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کے سپر میچ دیکھنے کے لیے پورا ملک بےقرار، زندہ دلان لاہور کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں، ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آمنے سامنے دیکھنے کے لیے وقت گزارنا مشکل ہوگیا، کراچی میں بھی گرینڈ فنالے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، دیواریں سج گئیں، پھولوں کی خوشبو سے سڑکیں معطر ہوگئیں، ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ بک گئے، اب کرکٹ کے متوالے دے دھنا دھن کے لیے تیار ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں کون کس کے چھکے اڑائے گا،کیا زلمی کا کامران اکمل پھر سنچری سے ستم ڈھائے گا یا کوئٹہ کا رائلی روسو بولنگ لائن کی دھجیاں اڑائے گا، فلڈ لائٹس کے پہلے ایلیمنیٹر میں کون کس کو ایلیمنیٹ کرے گا، قذافی اسٹیڈیم میں آج کرکٹ کامیلا پوری آب وتاب سے سجے گا۔

کراچی میں بھی پی ایس ایل فائنل کا بے چینی سے انتظار ہے، نیشنل اسٹیڈیم کے ٹکٹس ہاتھوں ہاتھ بک گئے،25مارچ کو دھواں دھار چھپر پھاڑ پرفارمنس کے لیے رونکی اور ڈومنی نے بھی بلوں کو دھار لگالی۔

ایئرپورٹ سے ہوٹل اور پھر اسٹیڈیم تک کے راستے مہمانوں کو خوش آمدید،جی آیانوں اور بھلی کری آیا کہنے کو سج سنور گئے،اسٹیج سج گیا ہے،بولرز گرجیں گے،بلےباز برسیں گے اورگلیاں اڑیں گی۔

پاکستان سپر لیگ کا سپر کلائمیکس کراچی میں دیکھنے کو ملے، ٹرافی کوئی بھی اٹھائے لیکن چیمپئن کا میڈل پاکستان کرکٹ کو ہی ملے گا۔

تازہ ترین