• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمانت مسترد، چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپورخاص برکات علی اور کنٹرولر احاطہ عدالت سےفرار

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) نیب کورٹ حیدرآباد نے ضلع بدین کی ٹاؤن کمیٹی ٹنڈو غلام حیدرکے ترقیاتی فنڈز میں 19کروڑ کی کرپشن کے ریفرنس میں نامزد سابق ٹاؤن آفیسر، اکاؤنٹنٹ اور3ٹھیکیداروں کو عدم ثبوت پربری کردیا۔دوسری جانب انسداد رشوت ستانی کی خصوصی صوبائی عدالت برائے حیدرآباد نے تعلیمی بورڈ میرپورخاص میں بے ضابطگیوں اورنتائج میں کرپشن کے مقدمہ میں نامزد چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپورخاص برکات علی اور کنٹرولر امتحانات سمیت 7ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مسترد کردی، چیئرمین سمیت 5افسران احاطہ عدالت سے فرارہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت حیدرآباد نے ٹنڈوغلام حیدر ٹاؤن کمیٹی کے ترقیاتی فنڈز میں19کروڑروپے کی کرپشن کے مقدمہ میں نامزد سابق ٹاؤن آفیسر گوہرخان، اکاؤنٹنٹسیف اللہ سومرو اور ٹھیکیداروں اللہ یار ترک، جاوید احمد پیرزادہ اور اکرم ملاح کو درخواست گذاروں کے وکلا کے دلائل کے بعدعدم ثبوت پر بری کردیا، نیب ریفرنس میں کہاگیاتھا کہ 2014میں نامزد ملزمان نے حکومت سندھ کی جانب سے تنخواہ اورپنشن کے سوا ہرقسم کی ادائیگی پرپابندی کے باوجود یہ رقم ٹھیکیداروں کو جاری کی جبکہ جن کاموں کے لئے رقم جاری کی گئی وہ مکمل بھی نہیں کئے گئے تھے ۔ علاوہ ازیں انسداد رشوت ستانی کی خصوصی (صوبائی) عدالت برائے حیدرآباد نے اینٹی کرپشن سرکل میرپورخاص تھانے میں درج ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص میں بے ضابطگیوں، امتحانی نتائج میں ردوبدل اورکرپشن کے مقدمہ میں نامزد چیئرمین تعلیمی بورڈ برکات علی، کنٹرولر امتحانات انور علیم خانزادہ، سیکریٹری فضل الدین قاضی، رمیش کمار اور جے پرکاش کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں، واضح رہے کہ اس مقدمہ میں تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے آفیس سپرٹینڈنٹ محمدعاصم ہاشمی اور محمداحسان گرفتار ہیں عدالت کی جانب سے ضمانت کی منسوخی کاحکم سنتے ہی چیئرمین اورکنٹرولر سمیت پانچوں ملزمان احاطہ عدالت سے فرارہوگئے۔
تازہ ترین