• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمنسٹی اسکیم اسی ماہ ، بجٹ میں نئے ٹیکس نہیں، شرح ترقی پر توجہ ہوگی، مشیر خزانہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے اسلامی مالیاتی شعبے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی وزارتِ خزانہ میں ایک خصوصی پوسٹ بنائی جائے گی جو صرف اسلامی مالیاتی شعبے کے ساتھ کام کرے گی۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی ملک میں اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے اسٹیرنگ کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم اسی ماہ آئیگی، بجٹ میں نئے ٹیکس نہیں لگارہے اور شرح ترقی پر توجہ ہوگی۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں ہونے والے دو روزہ ورلڈ اسلامک فنانس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم 6 فیصدجی ڈی پی کی شرح کو حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں جو کہ گزشتہ ایک دہائی میں ترقی کی زیادہ سے زیادہ شرح ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 6فیصد جی ڈی پی کی ترقی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور دعویٰ کیا کہ پاکستان میں 8سے 10فیصد جی ڈی پی کی شرح کو حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے توانائی کی قلت ، امن وامان اور حکومتی سطح پر مشکلا ت جیسی خوشحالی اور ترقی کے راستے کی بنیادی خرابیوں کو ختم کردیا ہے ۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے اے او آئی ایف آئی(اکائونٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائیزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹیٹیوشنز) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئر مین شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہورہی کہ پاکستان اسلامی فنانس کا مرکز بننے کیلئے کوششیں کررہا ہے جس کیلئے پاکستان کے پاس 20 ملین کی مسلمان آبادی، ایک مضبوط بینکنگ اور فنانس سیکٹر، متحرک زراعت کا شعبہ، صنعتی اور سروس کے شعبہ جات سمیت تمام اجزاء موجود ہیں ۔
تازہ ترین