• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم پرستوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے،پی ٹی آئی

کوئٹہ (این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری نے گزشتہ روز انصاف ہائوس بلوچستان میں سینئیر قیادت سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں قوم پرستوں سمیت آزمائے ہوئے تمام لوگوں کو عبرتناک شکست دیں گے عوام کو قوم پرستوں اور ماضی میں کرپٹ حکمرانوں کی حقیقت معلوم ہو چکی ہے۔ قوم پرستوں نے ساڑھے چار سال اقتدار میں رہ کر عوام کو صرف سبز باغ دکھائے عوام کو بے وقوف بناکر صرف اپنے خاندانوں اور چند مخصوص افراد کو نوازا گیا آج بلوچستان کی حالت ہم سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے حالیہ صوبائی صدر بلوچستان سردار یار محمد رند اور اعلیٰ قیادت کا پورے بلوچستان کا کامیاب دورہ اور عوامی پذیرائی پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی بلوچستان آمد پر شان شایان استقبال کیا جائے گا ،چیئرمین کے اعزاز میں استقبالیہ کیمپ لگائیں گے اور بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پورے بلوچستان میں کرپٹ عناصر کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا ہم نے 2013 میں بھی کرپٹ عناصر کا بھرپور مقابلہ کیا ،صوبائی صدر بلوچستان سردار یار محمد رند کی محنت کی بدولت پارٹی پورے صوبے میں فعال و منظم ہوچکی ہے،اس موقع پر ویسٹ ریجن کے صدر باری بڑیچ، سینئر رہنما بسم اللہ آغا ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی، داوٴد پانیزئی، ڈاکٹر شعیب ، قلعہ عبداللہ کے سابقہ صدر پرنس نذیر اچکزئی، ادریس تاج، و دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین