• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کرے گا، شی جن پنگ

چین دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کرے گا، شی جن پنگ

بیجنگ (جنگ نیوز) چین کے صدر شی چن پنگ نے ملک میں جاری علیحدگی پسند تحریکوں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ علاقائی تنازعات کے تناظر میں کہا کہ وہ اپنی سالمیت اور حاکمیت اعلیٰ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ ’’ہماری سرزمین کا ایک انچ بھی کوئی نہیں لے سکتا۔‘‘انہوں نے کہا کہ تائیوان کو چینی قوم سے چھیننے یا الگ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔ صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عظیم چینی قوم حوصلہ مند رہے کیوں کہ چین دنیا میں اپنا وہ مقام لے گا، جس کا وہ مستحق ہے۔ چینی صدر نے یہ بات سالانہ پارلیمانی سیشن کے اختتام کے موقع پر کہی۔بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں تین ہزار مندوبین کی موجودگی میں شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی عوام ناقابل شکست اور مستقل مزاج ہیں۔اپنے اس نیشنلسٹ خطاب میں شی جن پنگ نے مزید کہا، ’’ہم اپنے دشمنوں کے خلاف خون ریز جنگیں جیت چکے ہیں۔ ہم میں یہ مضبوط صلاحیت موجود ہے کہ ہم دنیا میں وہ مقام حاصل کریں، جس کے ہم مستحق ہیں۔‘‘64 سالہ شی جن پنگ نے دو ہفتوں پر مشتمل اس پارلیمانی سیشن کو اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے دستور میں تبدیلی کرائی ہے اور صدارتی مدت کی شق کو بھی تبدیل کروا لیا، جس کے بعد وہ غیر معینہ مدت تک ملک کے صدر رہ سکتے ہیں۔انہیں اس سیشن میں دوسری مدت کے لیے متفقہ طور پر صدر بھی منتخب کر لیا گیا، جب کہ شی جن پنگ نے اپنے ایک انتہائی قریبی ساتھی کو نائب صدر کے عہدے پر منتخب کروا لیا۔ اس کے علاوہ کابینہ کے اہم عہدوں پر بھی اب شی جن پنگ کے قریبی رفقاء براجمان ہو گئے ہیں۔شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا، ’’چینی سرزمین پر معجزے اتر رہے ہیں اور ہمارا مستقبل بہت بھرپور ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’چینی شہری اب زیادہ خود اعتماد ہوں گے اور ان کی عزت نفس میں اضافہ ہو گا۔‘‘

تازہ ترین