• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے ایئرچیف مجاہد انور کی وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم امریکہ کے دورے سے واپس آگئے ہیں۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں پاکستان ایئر فورس ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قیادت سے بھر پور استفادہ کرے گی۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اعتماد کے اظہار پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین د لا یا کہ ملک کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم بنا نے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں اور کاوشوں کو برو ئے کار لائیں گے۔دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کےسربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو جی ایچ کیو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کےسربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف نے انہیں ترقی اور تقرری پر مبارکباد دی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
تازہ ترین