• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت پرریتک روشن کی جاسوسی کرانے کا الزام

کنگنا رناوت پرریتک روشن کی جاسوسی کرانے کا الزام

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) رواں ماہ 10 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی پولیس نے اداکار نوازالدین صدیقی کو اپنی بیوی انجلی عرف عالیہ صدیقی کی جاسوسی کرنے پر سمن جاری کردیا۔تاہم اب اس کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے اور بولی وڈ کی متعدد شخصیات کی جانب سے دوسروں کی جاسوسی کیے جانے کے انکشافات ہوئے ہیں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی سے ہونے والی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ‘کال ڈیٹیل ریکارڈ‘ (سی ڈی آر) کیس میں نامور اداکارہ کنگنا رنات اور اداکار جیکی شروف کی بیوی عائشہ شروف کا نام بھی سامنے آیا ہے۔کنگنا رناوت اور عائشہ شروف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پرانے مرد دوستوں کی جاسوسی کرائی۔تاہم خبر سامنے آنے کے بعد کنگنا رناوت اور عائشہ شروف نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیاس آرائیاں کرنے سے بہتر ہے کہ پہلے اس کیس کی مکمل تحقیقات کا انتظار کیا جائے۔خبر کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی کے موبائل ڈیٹا سے پتہ چلا ہے کہ کنگنا رناوت نے انہیں موبائل میسیج میں ریتک روشن کا نام اور نمبر بھیجا۔پولیس کے مطابق کنگنا رناوت کی جانب سے رضوان صدیقی کو بھیجے گئے میسیج سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے بھی ریتک روشن کے فون کے ڈیٹا کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کنگنا رناوت نے ریتک روشن کی جاسوسی کی یا نہیں اور آیا انہوں نے اداکار کے موبائل کا ڈیٹا کا ریکارڈ حاصل کیا یا نہیں، تاہم ملزم رضوان صدیقی کے موبائل میں ان کا میسیج پایا گیا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ کنگنا رناوت نے ریتک روشن کی جاسوسی کی ہوگی، کیوں کہ ان دونوں کے درمیان گہرے تعلقات قائم تھے، بعد ازاں ان میں اختلافات پیدا ہوگئے۔ادھر خبر سامنے آنے کے بعد کنگنا رنات نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ قیاس آرائیاں کرنے سے قبل اس معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے۔اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جب وہ کسی نوٹس کا جواب دیں گی تو وہ ان الزامات کے تمام ثبوت فراہم کریں گی، پہلے سے نتیجے اخذ کرنا قانون کی خلاف ورزی اور ایک اداکار کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔کنگنا رناوت کی بڑی بہن رنگولی نے بھی یہی بیان ٹوئیٹ کیا۔واضح رہے کہ کنگنا رناوت اور ریتک روشن کے درمیان2009میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کے درمیان 2014میں اختلافات ہوئے۔دونوں نے ایک دوسرے پر مقدمات بھی درج کروائے۔معروف اداکار جیکی شروف کی اہلیہ اور ٹائیگر شروف کی والدہ 57 سالہ سابق اداکارہ و ماڈل عائشہ شروف پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے دوست مرد اداکار ساحل خان کی جاسوسی کی۔

تازہ ترین