• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان،اسٹیڈیم کے باہو خودکش دھماکا، 13 افراد جاں بحق

کابل (اے ایف پی) افغانستان کے شورش زدہ جنوبی علاقے میں جمعے کے روز اسپورٹس اسٹیڈیم کے باہر خودکش کار بم دھماکے میں 13افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، یہ بات افغان حکام نے بتائی، جنگ زدہ ملک افغانستان میں حالیہ ہفتہ خونریز ثابت ہوا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ خودکش دھماکا ہلمند صوبے کے دارالحکومت لشکرگاہ میں اس وقت ہوا جہاں اسٹیڈیم میں کُشتی کے مقابلے کے بعد شائقین باہر نکل رہے تھے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ عمر زواک کے مطابق دھماکے میں 13 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑایا جب شائقین اسٹیڈیم سے باہر آرہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونا چاہتا تھا تاہم پولیس نے اسے شناخت کرلیا جس کے بعد اس نے خود کو اڑا لیا۔ اسٹیڈیم کے اندر ہونے والے مقابلے کو دیکھنے کے لئے علاقائی حکام بھی موجود تھے، یہ مقابلہ نئے فارسی سال نوروز کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔
تازہ ترین