• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میںقومی ترانے، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

سرینگر/کراچی(جنگ نیوز/جاوید رشید) مقبوضہ کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود یوم پاکستان منایا گیا، کشمیریوں نے جگہ جگی پاکستان کے قومی پرچم لہرائے اور تقریبات میں قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ حریت رہنمائوں نے پاکستانی عوام ، حکومت اور فوج کو یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کی۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز اور رحمت ہے، ہمیں اس پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے ۔حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں خطبہ جمعہ کے موقع پر کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امت مسلمہ کا نڈر ترجمان ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق سری نگر میں دختران ملت کے تحت یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا اور اس حوالے سے ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھ دیگر خواتین نے پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آسیہ اندرابی کا کہنا تھا کہ اسلام، ایمان اور قرآن کی بنیاد پر اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی بنیاد پر بر صغیر میں رہنے والے تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں آسیہ اندرانی نے دو قومی نظریہ کے حوالے سے بات چیت کی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے بھی لگائے۔ دوسری جانب بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تاہم بزرگ حریت رہنما نے خرابی صحت کی بناء پر تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی او ر پاکستان کیلئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ دریں اثناء یوم پاکستان کے موقع پر سرینگر سمیت کئی علاقوں میں بھارت مخالف مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔خیال رہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان میں قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام نبی سمجھی، بلال صدیقی اور کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین فاروقی اور دیگر رہنماؤں نے یوم پاکستان کے حوالے سے پیغام میں پاکستان کو اس قومی دن کی مبارک باد دی اور دعا کہ ملک میں امن، استحکام اور سلامتی ہو۔
تازہ ترین