• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


دل کی دھڑکن انسان کے زندہ ہونے کی علامت ہوتی ہے۔ یہ رُک جائے تو انسان خاک سے جا ملتا ہے۔ دل ہمارے جسم کا ایک بہت ہی اہم عضو ہے،لیکن ہم جانے انجانے میں ذہنی دباؤ اور مضر صحت چیزیں استعمال کرکے اسے نقصان پہنچاتے رہتے ہیں ۔ آج کے تیز تر دور میں ہم میں سے اکثر کا انحصار فاسٹ فوڈ کھانوں پر ہوتا ہے، یہ کھانے اکثر بری چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ایسے کھانے کولیسٹرول کی سطح بڑھادیتے ہیں،جس کی وجہ سے دل کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں ۔

دل کو صحت مند رکھنے کے لیے فاسٹ فوڈ اور پروسیسڈ کھانوں سے پرہیز کرنے سے آگےبھی بہت کچھ کرنا پڑتا ہے۔ دل کو صحت مند رکھنے کے لیے ان کھانوں کا استعمال بھی کرنا چاہیے جو کولیسٹرول، فشار خون (Blood Pressure)اور تیزابیت میں کمی کا باعث ہوتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دل کی صحت کے لیے مفید غذائیں عام طور پر وہ غذائیں ہوتی ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامن ’’بی‘‘ فیملی، وٹامن ’’سی‘‘ اور وٹامن ’’ای‘‘کے علاوہ ریشے، مونو سیچوریٹڈ چکنائی اور ملٹی سیچوریٹڈ چکنائی سے بھرپور ہوتی ہیں۔ 

سادہ الفاظ میں یہ بات کہا جاسکتی ہے کہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے پیچھے راز یہ ہے کہ قدرتی غذاؤں پر مشتمل خواراک کا نظام اپنایا جائے اور حتی الامکان تیار کھانوں سے دور رہا جائے۔ آج ہم آپ کوکچھ ایسی غذاؤں کا بتا رہے ہیں، جونا صرف آپ کے دل کی شریانوں کو صاف کر کے آپ کو صحت مند بناتی ہیں بلکہ ہارٹ اٹیک کے خطرات سے بھی محفوظ رکھتی ہیں۔

مچھلی

دل کی صحت کے لیے مفید غذائیں عام طور پر اومیگا-3 ایسڈز سے بھرپور ہوتی ہیں۔ یہ چربی دار مچھلیوں مثلا سیلمون، میکریل ، سیرڈین، ہیرنگ، ہیڈاک اور دیگر اقسام کی چکنائی والی مچھلیوں میں بکثرت پایا جاتا ہے۔ مچھلی کا استعمال دل کی دھڑکن میں بے قاعدگی اور دل کی شریانوںمیں خون کے جم جانے جیسے خطرات سےبچاتا ہے۔

اسے ہفتے میں دو سےتین بار استعما ل کرنا بہت فائدہ مند ہے۔بادام بھی مفید چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے جو کولیسٹرول کی سطح کو معتدل رکھتا ہے اور یہ وٹامن’’ای‘‘، پروٹین اور ریشے سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ فلیکس بیج بھی اومیگا-3 روغنیات اور یشوں سے بھرپور ہوتا ہے۔

دلیہ

دل کی صحت کے لیے ضروری ہے کہ کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھا جائے اور نظام ہاضمہ کے مسائل سے دور رہا جائے۔ اس کے لیے فائبر کا استعمال بہت مفید رہتا ہے۔ فائبر دلیہ، باجرے اور ’’جو‘‘ میں زبردست مقدار میں پایا جاتا ہے۔ 

باجرے اور جو میں Beta-Glucanنامی فائبر پایا جاتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے بیش بہا مفید ہے، یہ انسانی جسم میں ناصرف انسولین مزاحمت کو کم کرتا ہے بلکہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے۔باجرے اورجو کو ناشتے میں شامل کرنا انسانی دل کے لیےمفید رہتا ہے۔

خشک میوہ جات

خشک میوہ جات میں پروٹین اور فائبر پایاجاتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں کو دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔خشک پھلوں میں وٹامن ’’ای‘‘ بھی وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے، جس سے کولیسٹرول کنٹرول میں رہتا ہے۔مونگ پھلی بھی دل کے لیے انتہائی مفید ہے۔

ڈارک چاکلیٹ

ڈارک چاکلیٹ کا استعمال کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے ۔ ساتھ ہی جسم میں سوزش اور خون کو جمنے سے بھی بچاتا ہے۔ ڈارک چاکلیٹ میں چائے کی طرح، خون کو پتلا کرنے والا فلاوونوئیڈمادہ موجود ہوتا ہے۔ خیال رہے یہ مادہ صرف تیز گہرے رنگ کی چاکلیٹ میں موجود ہوتا ہے، ہلکے رنگ کی چاکلیٹ میں موجود نہیں ہوتا۔

گہرے سبز پتوں والی سبزیاں

گہرے سبز پتوں والی سبزیوں میں وٹامن، ’’اے‘‘، ’’سی‘‘، ’’ای‘‘ اور وٹامن ’’کے‘‘ بڑی مقدار میں پائی جاتی ہے۔ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہوتے ہیں، جو جسم سے نقصان دہ مادوں کوخارج کرنے میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ گہرے سبز پتوں والی سبزیاں کیلشیم، میگنیشیم اور پوٹاشیم سے بھی بھرپور ہوتی ہیں، جو انھیں صحت مند دل کے لیے ناگزیر بناتی ہیں۔

فولک ایسڈ والی غذائیں

فولک ایسڈ وٹامن ’’ای‘‘ ہی کی ایک قسم ہے۔ یہ حیاتین نئے خلیے بنانے میں بھی کام آتا ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ جو مرد و زن روزانہ مطلوبہ مقدار میں فولک ایسڈ لیں، وہ امراض قلب میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔ لہٰذا فولک ایسڈ والی غذاؤں کو اپنی روزمرہ خوراک میں شامل رکھیے۔ یہ حیاتین گائے کے جگر، ساگ، چاول، شاخ گوبھی اور پھلیوں میں ملتا ہے۔ بچوں کو 200اور بالغوں کو یومیہ 400MCG (مائکروگرام) فولک ایسڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔

زیتون کا تیل

دن میں دو چمچ زیتون کا تیل کولیسٹرول اور خون میں شوگر کی مقدا ر کوکنٹرول کرتا ہے۔ روغن زیتون میں مونوسیچوریٹڈ چکنائی اور Oleic Acid پائے جاتے ہیں جو امراض قلب میں مبتلا ہونے کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔

سبز چائے

دن میں ایک کپ سبز چائے کولیسٹرول کو بننے سے روکتی ہے ۔ سبز چائے Metabolism کو بڑ ھاتی ہے اور وزن کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اس کے علاوہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن بھی سبز چائے کے استعمال کو دل کے لیے مفید قرار دے چکی ہے۔

پھل

انار میں اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتے ہیں ،جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتے ہیں۔یہ خون کی گردش کو معمول پر لاتے ہیں اور ہیموگلوبن کو بڑھاتے ہیں۔گریپ فروٹ ایک اور زبردست پھل ہے۔ایک گریپ فروٹ روزانہ کھانے سے خون کی نالیوں میں رکاوٹیں دور ہوتی ہیں، برے کولیسٹرول کی مقدار 10فی صد تک کم ہوتی ہے اور بلڈ پریشر نارمل ہوجاتا ہے۔ 

پپیتا کیروٹین، بیٹا کیروٹین، لوٹین، اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامنز، فولک ایسڈز اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔ تربوز دل کی صحت کے لئے بہت مفید ہوتا ہے۔اس میں اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتے ہیں جو کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں مددکرتے ہیں ۔

لہسن اور ادرک

لہسن کا استعما ل شریانوں کو صاف کرتا ہے ،بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے،شریانوں میں خون کو جمنے سے روکتاہے ۔ لہسن قبض کا خاتمہ کرنے اور وزن کو کم کرنے میں مدد دیتاہے۔ اس کے علاوہ ادرک بھی کولیسٹرول کو کم کرتی ہےاور الرجی کو دور بھگاتی ہے۔

تازہ ترین