اچانک غصہ پھر ٹھنڈا ہوجانا،چڑچڑاپن ،مایوسی یا اداسی کی کیفیت، کہیں آپ بھی ذہنی دباؤ کا شکار تو نہیں اگر ایسا ہے تو کیا آپ بھی گزشتہ برس ایجاد ہوئے ذہنی تناؤ دور کرنے والے انقلابی آلہ کےپاکستان آنے کے منتظر تو نہیں یا پھر کسی اچھے ڈاکٹر سے ملاقات کے خواہشمند ہیں لیکن ڈرتے ہیں کہ کہیں کوئی دوسرا اس عمل کے ذریعے آپ کو نفسیاتی مریض نہ سمجھنے لگے، اگر ایسا ہے تو ہماری مانئیے ارادہ ترک کیجئیے ذہنی تناؤ یا ڈپریشن ہر گز اتنا مشکل یا جان لیوا مرض نہیں جس سے چھٹکارا پا نا ممکن نہ ہو آپ ذہنی دبا ؤ سے بآسانی پیچھا چھڑواسکتے ہیں کہیں طرز زندگی میں مناسب تبدیلیاں لاکر تو کہیں اپنی غذاؤں میں ردو بدل کے ذریعے ۔۔۔انسان ذہنی دباؤ کا شکار کام کے زیادہ ہونے، گھریلو مسائل یا کھانے پینے کے معاملے میں بے احتیاطی سے ہوتا ہے۔ذہنی دباؤ سے نجات کے لئے پودے لگانا ، پینٹنگ کرنا ،ہنستے مسکراتے رہنے کے مشورے تو آپ نے ہر ایک سے سنے ہوں گے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں جن کےاستعمال کے ذریعے بھی آپ اپنی مصروف یا پریشان زندگی سے ملنے والے ذہنی دباؤ سے بآسانی سے پیچھا چھڑواسکتے ہیں۔ تو آئیے بات کرتے ہیں ان غذاؤں کی جو ذہنی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
ناشپاتی (Avocados)
فائبر، پوٹاشیم اور دیگر اہم اجزاء سے بھرپور یہ کریمی پھل ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ساتھ ہی کم کیلوریز کے ساتھ جسم کو مختلف اینٹی آکسائیڈنٹس بھی فراہم کرنے کا سبب بھی بنتا ہے ۔ناشپاتی میں وٹامن 'سی، وٹامن 'کے،فائبر ، اور کاپر جیسے اجزاء ذہنی دباؤ سے نجات کے ساتھ ساتھ کینسر سے تحفظ،کولیسٹرول میں کمی،بخار سے تحفظ اور ہڈیوں کے مسائل سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انٹرنیشنل یونیورسٹی لوما لنڈا میں کی گئی تحقیق کے مطابق روزانہ ناشپاتی کا استعمال لوگوں کے اندر اگلے تین گھنٹے تک کسی چیز کو کھانے کی خواہش کو 40 فیصد تک کم کردیتا ہے اور اس طرح تناؤ کا شکار ہونے پر صحت کے لیے نقصان دہ اشیاءجیسے فاسٹ فوڈ آپ کے لیے مسئلہ نہیں بنتے۔
بلیو بیریز( Blue Berries)
وزن کم کرنا ہو یا ذیابیطس سے چھٹکارا پاناہودنیا بھر میں شوق سے کھایا جانے والا صحت بخش پھل بلو بیریز کا تصور ذہن میں ابھرنے لگتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں قدرت کا عطا کردہ یہ پھل ذہنی تناؤ کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے جی ہاں !ڈاکٹرز کے مطابق بیریز خاص طور پر بلیو بیریز میں پائے جانے والے اینٹی آکسائیڈنٹس ذہنی تناؤ سے نمٹنے کے لئےجسمانی ردعمل کو بہتر بناتے ہیں کیونکہ اس پھل کے استعمال سے افراد میں خون کے سفید ذرات کی مقدار خاصی بڑھ جاتی ہے اور یہ ذرات تناؤ پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کیمومائل ٹی (Chamomile tea)
دنیا کے بہت سے ممالک اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں کیمومائل فلاور کی چائے بہت شوق سے پی جاتی ہے جو اپنے طبی فوائد اور مسحور کن خوشبو کے لحاظ سے بے مثال ہے تاہم یہ چائے آپ کو ذہنی دباؤ سے نجات دلانے میں بھی خاصی مددگار ثابت ہوسکتی ہے ۔ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کیمومائل ٹی کا استعمال پریشانی کی کیفیت کو کم کرتا ہے دوسری جانب کیمومائل ایسے لوگوں کے لیے بھی مفید ہے جو بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں ۔اس کے استعمال سے اچھی نیند آتی ہے۔
اخروٹ ،کاجو اورپستے
(Cashews, Walnuts, Pistachio)
عام طور پر ڈرائی فروٹ صحت بخش غذا کے طور پر تسلیم کیے جاتے ہیں ان میں وافرد مقدار میں موجود ،گڈ فیٹس ،وٹامن ای اور اینٹی اوکسیڈینٹ کے ذریعے لاتعداد فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
٭ طبی ماہرین کے مطابق اخروٹ میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسیڈ ذہنی دباؤ سے نجات میں مددگار ہےساتھ ہی اخروٹ میں موجود اینٹی اوکسیڈینٹ انسان کے جسم میں موجود مختلف بیماریوں کے خلاف لڑتے ہیں جیسے دل کے امراض وغیرہ۔
٭ نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہن میں امڈنے والے منفی خیالات کے دباؤ سے پیچھا چھڑانے کے لئے ضروری ہے کہ اپنے ہاتھوں سے کوئی چیز بار بارکی جائے یہ عمل اندرونی کشمکش کم کردیتا ہے جیسے پستے یا مونگ پھلی کے چھلکوں کو اتارنا وغیرہ، یہ حرکت لوگوں کو پرسکون کرتی ہےدوسری جانب پستے کے فوائد سے متعلق ۔ ماہرین کا کہنا ہے ان کے ذریعے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کی سطح کم ہوجاتی ہے جس سے ذہنی تناؤ میں بھی نمایاں کمی ہوتی ہے۔
٭اگر آپ ذہنی تناؤکا شکار ہیں تو کاجو کھائیں ٹینشن دور بھگائیں کے مصداق اس فارمولے پر عمل کریں جس میں قدرتی طور پر یہ خاصیت موجود ہے کہ اس کے استعمال سے ڈپریشن کم ہو جاتا ہے۔کاجو میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور پروٹین ذہنی تناؤ کو کم کرکے جسم کو دیگر طبی فوائد بھی بہم پہنچاتے ہیں۔کاجو میں پایا جانے والا ایک اہم جز ٹریپٹو فان قدرتی طور پر انسانی مزاج کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق کاجو کے استعمال سے ذہنی تشویش کی سطح میں 31 فیصد تک کمی آجاتی ہے ۔
ہری سبزیاں
(Green vegetables)
ہری سبزیاں اپنے اندر وہ بیش بہا قیمتی خزانے چھپائےہوئے ہیں جن سے آگاہی ہر انسان کے لئے ضروری ہے۔ ہری سبزیوں میں وٹامن بی، میگنیشیم، وٹامن سی اور وٹامن کے پایا جاتا ہے۔ٹینشن سے دور رہنے کیلئےا کثر ڈاکٹرز بھی زیادہ تر ہری سبزیوں کے استعمال کی تجویز دیتے ہیں۔ ان سبزیوں میں بروکولی، پالک، مارچوبہ، گوبھی، اور سلاد وغیرہ جیسی سبزیاں کھانے میں استعمال کی جاسکتی ہیں۔
چاکلیٹ(Chocolate)
چاکلیٹ جہاں ہر ایک کی پسندیدہ ہے وہیںٹینشن یا ذہنی تناؤ سے نجات کا ذریعہ بھی ۔ چاکلیٹ میں میگنیشیم بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہےجو طبیعت مین بے چینی یا انگزائٹی کو دور بھگانے میں بھی کلیدی کردار اداکرتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ڈارک چاکلیٹ کا روزانہ معمولی مقدار میں استعمال تناؤ کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے،۔چاکلیٹ میں شامل اینٹی آکسائیڈنٹس تناؤ کا باعث بننے والے ہارمونز جیسے کورٹیسول کی مقدار کم کردیتے ہیں جبکہ یہ خون کی شریانوں کی دیواروں سے ٹکرا کر بلڈپریشر کی سطح کم کرکے دوران خون کو بہتر بناتی ہے۔