نوابشاہ (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2018 میں سلیکشن نہیں الیکشن ہوگا، مخالفین کی سوچ محدود ہے انھیں ملک چلانے کا تجربہ نہیں، میرا انتخاب لڑنا اتنا آسان نہیں ہوگا لیکن عوام اور کارکنان کی طاقت سے انکا مقابلہ کرینگے۔ زرداری ہاؤس نوابشاہ میں تعلقہ و سٹی نوابشاہ کے معززین،اراکین اسمبلی، عہدیداروں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں آر اوز کے الیکشن سے کامیاب ہونیوالے ہم پر پنجاب میں غیر مقبول ہونے کا پروپیگنڈہ کرتے ہیں لیکن انھیں آنے والے وقت میں پتا چل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں رشتہ لینا آسان لیکن عوام سے ووٹ لینا مشکل ہے کیونکہ سوشل میڈیا نے عوام کو شعور دیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ مخالفین کو ملک و قوم سے کوئی غرض نہیں، انھوں نے تو اپنی اولادیں بھی ملک سے باہر بھیج دی ہیں اور معلوم نہیں کہ وہ مرنے کے بعد بھی یہاں دفن ہونگی بھی یا نہیں لیکن ہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے ہم اپنی آنیوالی نسلوں کے مستقبل کیلئے لڑ رہے ہیں ہم جو کچھ کرتے ہیں عوام کیلئے کرتے ہیں کسی پر احسان نہیں کرتے۔ آصف زرداری نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انکا نوابشاہ سے الیکشن لڑنا اتنا آسان نہیں ہو گا آپکو اسکا وزن اٹھانا پڑے گا کیونکہ بہت سی مخالف قوتیں اکھٹی ہو جائینگی لیکن ہم عوام اور کارکنان کی طاقت سے انکا مقابلہ کریں گے اقتدار میں آکر انکا پہلا کام 18 ویں ترمیم پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔