بدلتے حالات اورجرائم میں اضافے کے باعث سی سی ٹی وی کیمروں کو اکیسویںصد ی کی سب سے زیادہ با اثر اور کار آمد ٹیکنالوجی کہا جاتا ہے۔گھر کی تعمیر ہو یا شاپنگ مالز کی تکمیل، ان کی حفاظت کے لئے کیمروں کا کردار اور اس کی اہمیت تسلیم شدہ ہے اور جب بات ہو گھر کی تعمیر کی توکلو زسرکٹ کیمرے کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔
یہ نئی ٹیکنالوجی فوائد سے بھرپورہونے کے ساتھ ساتھ ایک سستی ٹیکنالوجی بھی ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے فوائد بے شمار ہیں۔
چوروں یا ڈکیتوں کو جاسوسی کے دوران جہاں کیمرا نظر آجائے وہ شناخت ہوجانے کے خوف کے باعث آپ کے گھر کا راستہ ہی بھول جانا بہتر سمجھتے ہیں۔ بچوں کے کمرے میں نظر رکھنی ہو یا آپ کی غیر موجودگی میں ملازموں کا رویہ جاننا ہو، سی سی ٹی وی کیمرہ ضروری سمجھا جاتا ہے۔
لیکن دوران تعمیرمناسب جگہ یا گھر کا وہ حصہ تلاش کرنے میں مشکل درپیش آتی ہے جس جگہ آپ کو سی سی ٹی وی کیمرہ لگانا ہو، تو آئیے سب سے پہلے بات کرتے ہیں، ا ن حصوں کی کی، جہاں لگایا گیا کیمرا آپ کے لیے بہترفائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی کیمرا کہاں لگایا جائے ؟
سی سی ٹی وی کیمرا لگوانے کے لیے سب سے پہلے گھر کا وہ حصہ تلاش کیا جائے جو سب سے زیادہ ضروری ہو، لیکن کیا آپ جانتے ہیں سی سی ٹی وی کے لیے گھر کا سب سے اہم حصہ کون سا ہے؟اگر نہیں جانتے تو ہم بتادیتے ہیں ۔
٭مین گیٹ کا بالائی حصہ سی سی ٹی وی کیمرے لگوانے کے لئے گھر کاسب سے ضروری اور اہم حصہ تسلیم کیا جاتاہے ۔ کسی بھی گھر کا مین گیٹ ناصرف ڈیزائننگ میں بہترین اور دلکش ہونا چاہیے بلکہ سیکیوریٹی کے حوالے سے بھی بھرپور ہونا چاہیے۔ماہرین کسی بھی گھر کی خوبصورتی اور سیکیورٹی پر توجہ کا اندازہ اس گھر کے مین گیٹ سے لگاتے ہیں۔
مین گیٹ پر لگائے جانے والے کیمرے اگر معیاری اور برانڈڈ ہوں توسن پروف ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کیمرے دھوپ، بارش اور گردوغبارسے متاثر نہیں ہوتے۔ آؤٹ ڈور کیمرا لگاتے وقت ہمسایوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ کوشش کی جائے کہ کسی کی پرائیویسی میں آپ کی وجہ سےخلل نہ پڑے۔
٭سی سی ٹی وی کیمرے چھت یا ٹیرس پر لگا کر بھی گھر کی حفاظت بخوبی کی جاسکتی ہے۔ ٹیرس پر کیمرا اس طرح نصب کیا جائے کہ گھر کا مین گیٹ اچھی طرح دکھائے دے۔ جو لوگ مین گیٹ پر کسی عذر کے باعث کیمرا نہیں لگوانا چاہتے، ان کے لیے چھت یا ٹیرس، سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کے لئے بہترین ہے۔ چھت پر کیمرا اس طرح لگایا جائے کہ کیمرے کی حد میں مکمل گیٹ اور گلی کا کم از کم80%حصہ جو گیٹ کے سامنے ہیں، وہ ضرور آئے۔
٭ان ڈور کیمروں کی بات کی جائے تو بچوں کا کمرا سی سی ٹی وی کیمرا لگانے کے لیے بے حد اہم ہے۔ اس عمل کے ذریعے آپ بچوں کے اُٹھنے بیٹھنے کی عادات، انٹرنیٹ کے استعمال اور اسکرین ٹائم پر نظر رکھ سکیں گے۔
٭خفیہ جگہ خفیہ کیمرا!چوروں، ڈاکوؤں سےمحفوظ رہنے کے لیے گھر میں خفیہ جگہ پر بھی کیمرا لگوایا جاتا ہےاور اس خواہش کی تکمیل کے لیےگھر کے پچھلے حصے یعنی گیلری سائیڈ پر ایسے زاویے پر کیمرا لگوایا جاسکا ہے، جس سے مکمل گیلری دیکھی جاسکے۔ اگر گیلری زیادہ بڑی ہو تو دونوں کونوں پر دو کیمرے لگوائیں۔
دوسری جانب گھر کی فرنٹ سائیڈ میں چوروں کے پھلانگنے کاخوف زیادہ رہتا ہے، یہاں بھی کیمرے لگوائے جاسکتے ہیں۔ ان جگہوں پر نائٹ ویژن کیمرے لگوائیں۔ ایسے کیمرے اندھیرے میں بھی صاف ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سی سی ٹی وی کیمرا خریدتے وقت ہدایات
٭ کارآمد کیمرے کے لیے ضروری ہے کہ وہ نائٹ ویژن خصوصیات رکھتا ہو،کم روشنی اور مکمل اندھیرے میں بہتر دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو ۔نائٹ ویژن کی صلاحیت جتنی زیادہ ہوگی، کیمرا اتنا ہی اچھی کوالٹی کا مانا جائے گا۔
٭ ریزولیوشن بھی ایک اچھے اور کارآمد کیمرے کی سب سے اہم خصوصیات میں شمار کی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کیمرا جتنی زیادہ ریزولوشن کا ہوگا اس کی تصویر یا ویڈیو کی کوالٹی اتنی ہی اچھی ہوگی۔ چونکہ سی سی ٹی وی کیمروں کا مقصد ہی کسی شخص کی شناخت ہے، اس لیے ہمیشہ ہائی ریزولیوشن کیمرا لگوائیں۔1.3 میگا پکسل کی رینج میں سی سی ٹی وی کیمروں کومعیاری سمجھا جاتا ہے۔
٭DVR کی ہارڈ ڈسک اسٹور کرنے کی صلاحیت بھی کیمرے کی خصوصیات میں شمار کی جاتی ہے یا یوں کہاجائے تو زیادہ بہتر ہوگا کہ تمام کیمرے ایک سینٹرل ڈیوائس سے کنٹرول ہو رہے ہوتے ہیں، جس میں مختلف سائزکی ہارڈ ڈسک لگائی جاتی ہیں۔ جتنے بڑے سائز کی ہارڈ ڈسک ہوگی، اتنی ہی زیادہ تصاویر یا ویڈیو محفوظ ہوںگی۔ کوشش کریں کہ کم از کم 1000 GB کی ہارڈ ڈسک ضرور لگوائیں۔
٭کیمراخریدتے وقت، اس کی وائرنگ کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ جس کیمرے کی وائرنگ کم سے کم ہوگی وہ کیمرا اتنا ہی اچھا مانا جائے گا۔وائرلیس کیمروں میں تاریں کم ہوتی ہیں۔اسی لئے ماہرین ان کیمروں کو گھر میں لگائے جانے والے کیمروں کے لئے بہترین قرار دیتے ہیں۔
عام طور پر ایک چھوٹے گھر میں تقریباً25 سے30 ہزار اور بڑے گھر جیسا کہ ایک کنال کا اگر ہو تو30 سے40 ہزار میں اچھے برانڈ کے کیمرے لگ جاتے ہیں۔