سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات کی قبائلی علاقوں تک توسیع ، فاٹا کے خیبر پختون خوا میں انضمام اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ مختص کرنے کے مطالبات کی جدوجہد میں قبائلی عوام کے ساتھ ہے۔
قبائلی یوتھ جرگے کے وفد نے اسلام آباد میں آصف زرداری سے ملاقات کی، وفد میں فاٹا کی تمام ایجنسیوں کی نمائندگی کرنے والے 25 اراکین شامل تھے، سینئر صحافی اور معروف اینکر سلیم صافی بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔
آصف علی زرداری نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ معاشی، لسانی، تہذیبی اور جغرافیائی لحاظ سے قبائلی علاقوں کا صوبے کے ساتھ انضمام قدرتی امر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات قبائلی علاقوں تک بڑھانے کا بل حال ہی میں قومی اسمبلی نے پاس کر دیا ہے جو توقعات کو پورا نہیں کرتا، اس کے باوجود پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اس بل کی حمایت کی کیونکہ وہ یہ موقع کھونا نہیں چاہتی تھی ۔