• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ڈی اے زرداری لیگ کے خلاف بہت بڑا پلیٹ فارم بننے جارہا ہے،صفدر عباسی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)پیپلزپارٹی ورکر کے رہنما صفدر عباسی کا کہنا ہے کہ پہلے جی ڈی اے کی حمایت کی تھی اب باقاعدہ حصہ بن چکے ہیں‘ جی ڈی اے زرداری لیگ کے خلاف بہت بڑا پلیٹ فارم بننے جارہا ہے۔ وہ حیدرآباد میں قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔اس موقع پر صفدر عباسی نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا باقاعدہ حصہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس زرداری لیگ کے خلاف بہت بڑا پلیٹ فارم بننے جارہا ہے‘ 31 مئی کے بعد بہت سارے لوگ ہمارے پاس آجائیں گے‘ صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ واٹر کمیشن بننے کے بعد انکشاف ہوا کہ سندھ کی 88 فیصد عوام مضر صحت پانی پی رہی ہے‘ سندھ کے شہر تباہ ہوچکے ہیں‘ لاڑکانہ میں 85 ارب روپے لگانے کی بات کی جاتی ہے بتایا جائے وہ 85 ارب روپے کہاں خرچ ہوئے ہیں‘ صوبے کی عوام کو حکمرانوں سے حساب لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مقدمہ تو آج بھی سپریم کورٹ میں ہے‘ چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی کا فیصلہ کریں اور پارٹی کو بنیادی کارکنوں کے حوالے کریں‘ صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے بھی بیرون ملک اثاثے ہیں جن پر بھی الزامات ہیں ا±ن سب سے حساب لیا جائے‘ اگر اس وقت بلاتفریق احتساب نہیں ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوسکے گا۔اس موقع پر قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ ماضی جیسی نگراں حکومت اور کمزور الیکشن کمیشن نہیں چاہئے‘ نگراں حکومت کے لئے تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے اور غیر جانبدار نگراں حکومت تشکیل دی جائے۔
تازہ ترین