وزیر آباد (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ نے کہا ہے کہ نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عائشہ گلالئی نے وزیرآباد کا دورہ کیا اور سمبڑیال میں مسلم لیگی چیئر مین اور اس کے ساتھیوں کے ہاتھوں مارے جانے والے صحافی ذیشان بٹ کے قتل پر انکے خاندان سے تعزیت کے بعد وزیر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور عمران خان دونوں نے سیالکوٹ اور سمبڑیال میں جلسے کئے مگر مظلوم اور بے گناہ مارے جانے والے صحافی کے خاندان سے تعزیت کے دو بول بولنے کے لئے ان کے گھر نہ جا سکے، انکی اس غفلت کی مذمت کرتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان سبھی اپنی جنگ اور اپنے مفادات کے لئے ایک دوسرے پر لعن طعن کر رہے ہیں، نواز شریف اور انکی پارٹی کی طرف سے عدلیہ اور اداروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ نواز لیگ اوپر سے لے کر نیچے تک ڈرا دھمکا کر سیاست کرتے ہیں، مریم نواز نے عدلیہ کے خلاف اور اداروں کے خلاف زبان استعمال کی، تینوں بڑی پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف زبان چلا رہی ہیں اور عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جا رہا، کاشتکار کا استحصال کیا جا رہا ہے، کسان کا منافع مڈل مین کھا جاتا ہے، پینے کا صاف پانی نہیں، معیاری تعلیم نہیں اور تقریروں میں تعلیم کی بات کرتے ہیں، سرکاری سکولوں کا تعلیمی نظام تھرڈ کلاس ہے اور کاشتکار ذلیل ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں، تمام چور پی ٹی آئی میں جا کر صاف ہو جاتے ہیں، ہم اپنی پارٹی تحریک انصاف گلالئی میں کسی بھی جماعت کے ایم این اے اور ایم پی اے وغیرہ کو نہیں لیں گے، ہم نئے لوگوں اور نوجوان خواتین کو موقع دیں گے۔ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں میں سے کوئی بھی مڈل کلاس اور غریب کی بات نہیں کر رہا، غریب کو اپنے حق کے لئے خود اٹھنا پڑے گا، لوگ گردے بیچ رہے ہیں، انقلاب آنے کی راہ غریب خود ہموار کریں گے، احتساب نارمل طریقوں سے نہیں ہوتا، انقلاب ہی احتساب کرے گا، ملک میں انقلاب فرانس کی طرز کا انقلاب دیکھ رہی ہوں، عدلیہ پر فائرنگ قابل مذمت ہے، جنگلہ بس کے خلاف تقریریں کرنے والا عمران خان بھی اب جنگلہ بس چلا رہا ہے، کے پی میں بھی پنجاب کی طرح نوکریاں بکتی ہیں، تبدیلی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔