• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن ریفرنس، شرجیل میمن و دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں 5ارب 76کروڑ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن و دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے ہیں ۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں دو رکنی بینچ کے روبرو محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن ودیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سید مسعود ہاشمی کے وکیل محمود عالم نے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کی بے گناہی پراسیکیوشن بھی تسلیم کرتی ہے کہ کوئی غلط بکنگ نہیں کی گئی۔ پھر بھی میرے موکل ضمانت کے طور پر 75 ملین جمع کرانے کو تیار ہیں۔ سابق وزیر شرجیل میمن کے وکیل خالد جاوید نے موقف اختیار کیا میڈیکل گرائونڈ پر ضمانتیں دی گئیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کسی دوسرے ملزم کو میڈیکل گرائونڈ پر ضمانت دی گئی۔ وکیل شرجیل میمن نے موقف اختیار کیا کہ آئندہ سماعت پر میڈیکل گرائونڈ سے متعلق حوالہ جات پیش کردوں گا۔ میرے موکل کمر کی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔ میڈیکل بورڈ نے بیرون ملک علاج تجویز کیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا سے میڈیکل گرائونڈ پر ضمانتوں کے لیے دلائل طلب کرتے ہوئے 26 اپریل تک سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین