• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: سنیما گھر شروع، وجہ اقتصادی یا پھر روشن خیالی

سعودی عرب: سنیما گھر شروع، وجہ اقتصادی یا پھر روشن خیالی

سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم کیے گئے پہلے سینما گھر میں سالوں بعد کسی بھی فلم کی نمائش کی گئی۔ خصوصی مہمانوں کے ہمراہ نجی نوعیت کی اس تقریب میں سنیما گھر کا افتتاح ہالی ووڈ کی فلم ’بلیک پینتھر‘ سے ہوا۔

ماضی میں سعودی معاشرے میں خواتین کے لیے آزادانہ طرز زندگی ایک مشکل عمل نظر آتا تھا لیکن اب سعودی عرب روشن خیالی کے ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے جس میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت مل چکی ہے۔ رنگا رنگ فیشن کی تقریبات اور بین الاقوامی فلمیں سعودی سنیما گھروں کی زینت بن رہی ہیں۔

سعودی عرب: سنیما گھر شروع، وجہ اقتصادی یا پھر روشن خیالی

ریاض کے سنیما گھر میں ’بلیک پینتھر‘ فلم کی نمائش میں شرکت کرنے والے ایک سعودی شہری رحاف الہیندی کا کہنا تھا کہ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے، چیزیں تبدیل ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں ترقی بھی ہور ہی ہے۔ رحاف کو امید ہے کہ اب سعودی عرب دنیا کے دیگر ممالک کے شانہ بشانہ چلے گا۔

کئی دہائیوں کے انتہائی قدامت پسند رویے کے باوجود موجودہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے والد شاہ سلمان کی مدد سے سماجی اصلاحات کے ذریعے سعودی عرب کی نوجوان آبادی کو ایک روشن خیال اور ترقی پسند معاشرے میں بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سعودی عرب کے سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش کی بحالی کا فیصلہ سن 1980ء میں عائد کی گئی فلموں کی نمائش پر پابندی کے بالکل برعکس ہے کیونکہ اُس وقت بعض سعودی علماء نہ صرف مغربی فلموں بلکہ مصر اور لبنان میں عربی زبان میں بنائی جانے والی فلموں کو دیکھنے کو گناہ کا عمل قرار دیتے تھے۔

سعودی عرب: سنیما گھر شروع، وجہ اقتصادی یا پھر روشن خیالی

ریاض میں عام شہریوں کے لیے فلم اسکریننگ کا آغاز آج سے ہوا ہے ۔ سنیما گھر کے منتظمین کی جانب سے فلمی شائقین کے لیے انٹرنیٹ پر آن لائن ٹکٹ خریدنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے تاہم سعودی سنیما گھروں میں دکھائی جانے والی فلموں کا انتخاب سعودی سنسر پالیسی کے تحت کیا جائے گا۔

فلم ’ بلیک پینتھر‘ کے سعودی پریمیئر کے دوران فلم کے آخر میں دکھایا جانے والا ایک سین بھی کاٹ دیا گیا تھا۔ مزید یہ ہے کہ بعض فلموں کی نمائش میں خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ سیکشن ہوگا جبکہ سنیما حال کا دوسرا حصہ صرف مرد حضرات کے لیے مختص کیا جائے گا۔

سعودی حکومت کی جانب سے نئے سنیما گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ ثقافتی اعتبار کے ساتھ اقتصادی حوالے سے بھی اہم ہے کیونکہ سن 2030 تک سعودی معیشت میں نئے سنیما گھروں کی وجہ سے روزگار کے تیس ہزار نئے مواقع پیدا ہوںگے جبکہ سعودی معیشت میں نوے ارب ڈالر کا اضافہ بھی ہوگا۔ سعودی عرب میں آئندہ 12 برسوں میں تین سو سنیما گھر تعمیر کیے جائیں گے جن میں تقریباً دو ہزار اسکرینیں ہوں گی۔

تازہ ترین