• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آقائے دو جہاںؐ کی زبان کا ہر حرف ایمان کا بنیادی جزو ہے، پیر انوارالحق

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل) الجامعہ صفۃ الاسلام بریڈ فورڈ میں معراج النبی ؐکے موضوع پر عظیم الشان کانفرنس زیر صدارت صاحبزادہ پیر انوارالحق قادری کے منعقد ہوئی۔ پیر سید ریاض حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انبیائے کرامؑ کے دست حق پر اللہ کی قدرت سے رونما ہونے والے ماورائے عقل واقعہ کو معجزہ کہتے ہیں۔ واقعہ معراج کی برکات سے مستفید ہونے کیلئے پختہ ایمان، ایقان اور وجدان کی ضرورت ہے، آقائے دو جہاں ﷺ کی زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرفِ آخر اور ایمان کا بنیادی جزو ہے، نماز پنجگانہ معجزہ معراج کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو معجزات کے رد و قبول کا معیار، سوچ، عقل اور تجربہ کو قرار دیتے ہیں نہ صرف وہ ایک بڑے اعتقادی مغالطے کا شکار ہو جاتے ہیں بلکہ علم کے تکبر میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں۔ علامہ ضیاالمصطفی حقانی نے کہا کہ معجزہ کسی مادی تعبیر و تفہیم یا توجیہہ و توثیق کا محتاج نہیں ہے۔ قرآن پاک کی ہر آیت معجزہ ہے، قرآن بذات خود حضور نبی اکرم ﷺ کا دائمی معجزہ ہے اور ذات نبیﷺ ذات حق کی مضبوط کامل اور واضح دلیل ہے۔ کانفرنس سے صاحبزادہ اسرار الحق اویسی، مولانا نوید سیالوی، قاری ظہیر اقبال، قاری اعجاز احمد اور دیگرنے بھی خطابات کیے جبکہ حافظ طارق محمود ربانی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ کانفرنس کے آخر میں عالم اسلام کی عظیم شخصیت مولانا پیر محمد عتیق الرحمن فیضپوری کو ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین