• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں کا ٹکرائو خطرناک، حکومت، عدلیہ کو نتائج سے خبردار کردیا، خورشیدشاہ

اسلام آباد(ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اداروں کا ٹکراؤخطرناک ثابت ہوسکتاہے ‘حکومت اور عدلیہ کو نتائج سے خبردارکردیاہے‘نوازشریف کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں‘چیف جسٹس سے بھی معافی چاہتا ہوں آپ بھی ایسی باتیں نہ کریں‘محاذآرائی سے سسٹم تباہ ہو سکتا ہے ‘جب جج تقریر کرے گا تو دوسرے یہی کہیں گے کہ عدالت نے پہلے سے ذہن بنایا ہوا ہے، سیاستدانوں کی سکیورٹی واپس نہ لی جائے‘کوئی حادثہ ہوا تو الزام عدالت پر آئے گا‘نواز شریف لندن میں ٹھہر جاتے تو ان کی سیاست زیرو ہو جاتی‘وفاقی حکومت کو اگلے سال کا بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیے،ہم سندھ کا بجٹ پیش کرینگے یہ ہماری مجبوری ہے۔پیرکو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عدلیہ اورحکومت کو ٹکراؤ کے نتائج سے خبردار کر دیا، حکومت اور عدلیہ کا ٹکرا ؤخطرناک موڑ کی جانب بڑھ رہا ہے، نواز شریف کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئے، چیف جسٹس سے بھی معافی چاہتا ہوں آپ کو بھی ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، ٹکراؤ چاہے کسی پارٹی کی طرف سے ہو یا عدلیہ کی طرف سے ،سسٹم میں پرابلم آ سکتا ہے‘خورشید شاہ نے کہا کہ جب عدالت روسٹرم پر کھڑے ہو کر بولنا شروع کرے گی یا جج تقریر کریں گے تو دوسروں کو یہ کہنے کا موقع ملے گا کہ عدالت نے پہلے سے ہی ذہن بنایا ہوا تھا‘ ایسا نہ ہو اداروں کے ٹکرا ؤسے سسٹم ریزہ ہو جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا نواز شریف واپس آئے گا، جو جنگ نواز شریف نے شروع کی ہے اس میں وہ لندن بیٹھ گیا تو صفر ہو جائے گا‘نواز شریف نے اپنی سیاست زیرو ہونے سے بچا لی ہے ‘اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ سیاستدانوں کی سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر خورشید شاہ نے کہا کہ عدالت کو ایسے معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے‘اسفند یار ولی، فضل الرحمان پر حملے ہوئے، ہمیں بھی تازہ ترین تھریٹس ہیں، اگر کچھ ہو جاتا ہے تو کیا چیف جسٹس میاں ثاقب نثار جواب دہ ہوں گے۔خیبرپختونخوا اگربجٹ پیش نہیں کرتا تو وہ جولائی کے اخراجات نہیں کر سکیں گے‘حکومت کے پاس صرف چار ماہ کا مینڈیٹ ہے‘ ایسا کیا گیا تو روکنے کے لئے پارلیمنٹ میں ہر دباؤ کو استعمال کیا جائے گا‘نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سیاست نہیں کرتے‘دعا ہے اللہ میری بہن کلثوم نواز کو صحت دے، وہ جمہوریت کے لیے لڑی ہیں۔
تازہ ترین