• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہاب ریاض کی مکی آرتھر اور انضمام الحق سے ملاقاتیں

 کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر وہاب ریاض نے پاکستان ٹیم کی انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں وہاب ریاض نے اپنے مستقبل کے بارے میں کوچ سے بات چیت کی اس موقع پر گلے شکوے ہوئے اور وضاحتیں بھی کی گئیں تاہم مکی آرتھر نے ان پر واضح کردیا کہ وہ سینئر بولر ہیں ان کی کارکردگی توقعات سے کم ہے، وہ ٹیم پلان میں شامل ہیں، محنت جاری رکھیں اور کاکردگی میں بہتری لائیں۔ اس سے قبل وہاب ریاض نے چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں یہ ملاقات ٹھنڈے کمرے میں اچھے انداز میں ختم ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اپ سیٹ تھے اور انہوں نے اپنے خدشات کا خاتمہ کرنے کے لئے مکی آرتھر سے ملاقات کی۔ مکی آرتھر جو وہاب ریاض کے بارے میں ایک انٹرویو میں واضح طور پر کہہ چکے تھے کہ جو کھلاڑی ایک عرصے سے قومی ٹیم کا حصہ ہیں میں ان سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ ہمیں میچز جتوائیں اور دوسرے کے لیے مثال قائم کریں دوسری صورت میں ہم موجود باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کریں گے ۔ وہاب ریاض کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا لیکن ہم نے ملک، وقت اور کنڈیشنز کی مناسبت سے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ وہاب ریاض برے بولر نہیں لیکن ان کی ٹریننگ کے طریقہ کار پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ میں ٹیم کے کلچر کو تبدیل کر رہا ہوں، اس ماحول میں درمیانے درجے کی کارکردگی قابل قبول نہیں۔ وہاب ریاض جو ماضی بھی ڈومیسٹک سیزن میں کم کم حصہ لیتے ہیں انہوں نے ناک کے آپریشن کی وجہ سے فیصل آباد میں پاکستان کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہاب ریاض کے ناک کا آپریشن 28اپریل کو ہوگا، اس کے بعد انھیں تین ہفتے آرام کرنا ہوگا۔25 اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کپ میں وہاب ریاض کو پنجاب کی نمائندگی کرنا تھی۔
تازہ ترین