• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
’نیا مقدمہ تیار ہورہا ہے، سمجھوتہ نہیں کروں گا‘

اسلام آباد(نمائندہ جنگ؍مانیٹرنگ سیل) سابق وزیراعظم نوازشریف نے رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمت نہیں ہارنی ہے، نیا مقدمہ تیار ہورہا ہے، بیانیے پر سمجھوتہ نہیں کرونگا، جیل چلا جائوں تو کارکن مایوس نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک نیب میں میری طرح کا کوئی مقدمہ نہیں آیا، میرے والد کے اثاثوں کو بھی کھنگال رہے ہیں، جو اربوں کھا کر بیٹھ گئے وہ تسلی سے بیٹھے ہوئے ہیں ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، پرویز رشید، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، میئرز، پارٹی کے ضلعی صدور نے شرکت کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف سے علیحدہ ملاقات بھی کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجٹ ٹیکس فری ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نےکہا کہ ووٹ کو عزت دو پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیےاور اس ووٹ کو عزت مل جائے گی تو ملک ٹھیک ہو جائیگا، میں دوسرے اداروں کا ہمیشہ احترام کرتا ہوں، عدلیہ کے لیے لانگ مارچ بھی کیا۔ان کا کہنا تھاکہ فخر ہے پارٹی کےاندر ایسے بہت لوگ ہیں جو گھبرانے والے نہیں، وہ حق سچ کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ میں بھی انسان ہوں، غلطیاں اور گناہ ہوتے ہیں، وہ انسان نہیں جس سے غلطی نہ ہو، میں کوئی سپر ہیومن بینگ نہیں، مجھے ملک و ملت سے محبت ہے، میرے بارے میں ہر بار قیاس آرائی ہوتی ہے کہ لندن گیا اب نہیں آؤں گا، ایک ہفتے کے استثنا کیلئے درخواست دی تھی وہ بھی نہ ملا، اپنی اہلیہ کو دیکھنے لندن جانا بھی ضروری تھا، جو قیاس آرائی کررہے تھے ان سے پوچھتا ہوں کیوں اس طرح کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں جو ہرمرتبہ جھوٹی ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر روایت پڑگئی ہے کسی کو ٹانگ دو پھانسی دے دو، جلا وطن کردو، کسی کو جیل میں ڈالو، قلعوں میں بند کردو، یہ سب سیاستدانوں کے خلاف ہوتا رہا، منتخب لیڈر اور وزیراعظم کے خلاف ہوتا رہا، اس کی وجہ سب کو معلوم ہے، یہ جو سلسلہ ہے پچھلے 70 سال سے جاری ہے، میری ذات کی بات نہیں، ذاتی مفاد کا بھی قطعاً تعلق نہیں، تعلق براہ راست پاکستان سے ہے۔

تازہ ترین