لاہور (جنگ نیوز) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے اور اب اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی نریندر مودی کا یار بننا چاہتا ہے اور کوئی کسی اور کا ، لیکن پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے جب کہ ہمارے دور میں پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ سابق صدر نے چیئرمین تحریک انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی منشور نہیں جو کام میں 5 سال پہلے کرتا ہوں ان کو وہ پانچ سال بعد یاد آتا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو فاٹا کے انضمام کے لیے عدالت میں گئی تھیں کیونکہ فاٹا کے عوام بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ ہیں۔ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے کاشتکاروں کے لیے نئی پالیسی بنائی ہے جس کے تحت کسانوں کو یوریا کی بوری 500 روپے میں ملے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب کامیابی پیپلز پارٹی کے قدم چومے گی۔