لاہور(خصوصی نمائندہ )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ کراچی میں کوڑا کرکٹ،کھٹارا بسیں اور ٹوٹی سڑکیں زرداری کی کارکردگی کا ثبوت ہے، ایک پارٹی نے کے پی اور دوسری نے سندھ کا بیڑہ غرق کیا ہے ،مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک کی ترقی و خوشحالی ہے اور ایک صوبے کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سندھ کے شیرازی برادران سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں کے پاس نعروں اور دعوؤں کے سوا کچھ نہیں، زرداری اور نیازی نے سیاست کو وعدوں اور قوم کا وقت برباد کرنے تک محدود رکھا۔شہباز شریف نے کہاکہ خیبرپختونخوا اور سندھ کی ابتر صورتحال دیکھ کر ان کی کارکردگی کا بقول اندازہ ہوتا ہے، کراچی میں کوڑا کرکٹ،کھٹارا بسیں اور ٹوٹی سڑکیں زرداری کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے سیاسی مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوام کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے ۔عوام کو جھوٹے خواب دکھانے والے اپنے صوبوں میں بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ ایک پارٹی نے کے پی اور دوسری نے سندھ کا بیڑہ غرق کیا ہے ۔پنجاب میں عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے انقلابی پروگرام پر عملدرآمد کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے اور بدترین کارکردگی دکھانے والے کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔مخالفین نے الزامات اورگالم گلوچ کی سیاست کی۔مسلم لیگ(ن) نے عوام کی خدمت کے سفر کو آگے بڑھایا ہے ۔ آئندہ بھی عوام کی فلاح کا ایجنڈا جاری و ساری رہے گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں وزیر مملکت نیشنل فوڈ سکیورٹی سید ایاز علی شاہ شیرازی، سابق رکن قومی اسمبلی سید شفقت حسین شاہ شیرازی اورمسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ کے صدر حاجی محمد حنیف میمن شامل تھے۔شہبازشریف سے گفتگو میں شیرازی برادران نے کہا کہ آپ نے اپنے ویژن سے لاہور سمیت پورے پنجاب کو رول ماڈل بنایا ہے۔ شہباز شریف نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فائر فائٹرز کا عالمی دن آتشزدگی کے حادثات کو روکنے اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے موثر،جامع اور مشترکہ کاوشوں کی ترجمانی کرتاہے اور آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے فائر فائٹرز کی یاد میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثات سے نمٹنے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق فائر فائٹرز کی خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔