لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں 1ارب 20 کروڑ 43لاکھ روپے کی لاگت سے ہسپتال سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ عمران انتشار میں مصروف رہے جبکہ زرداری نے سندھ کو تباہ کر دیا ،ملک میں الزام تراشی کا کلچر بن چکا ہے،جھوٹ بولنا اورالزام تراشی کرنا عمران نیازی کی عادت ہے ، ہم نے اجتماعی کاوشوں سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے ،ضلعی،صوبائی اورقومی سطح پر اتفاق اورٹیم ورک سے ہی قومیں بنتی ہیں،اکیلا فرد کچھ نہیں کرسکتا،باہمی محبت ،شب و روز کی محنت اورامانت و دیانت کو شعار بنا کرہی معاشرے آگے بڑھتے ہیں، گزشتہ 5برسوں کے دوران عمران نے اپنے صوبے میں کوئی منصوبہ لگانے کی بجائے صرف اورجھوٹ اورالزام تراشی کی ہے انہیں اگر جھوٹے الزامات اوردھرنے دینے سے فرصت ملتی تو وہ عوام کیلئے کوئی فلاحی منصوبہ لگاتے،کے پی کے کی دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ،دوسری جانب زرداری کی حکومت نے بھی سندھ میں صحت کے عامہ کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا ہے جبکہ ہم نے ایک ٹیم ورک کے طورپر کام کرتے ہوئے پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں، زرداری صاحب کی جانب سے اس غریب قوم کے لوٹے ہوئے 6ارب روپے نظام تو واپس نہیں لاسکا،تاہم وہ یہ رقم خود واپس لے آئیں تو شاید اللہ تعالیٰ ان کی غلطیوں کو معاف کردے، کھربوں روپے کی کرپشن سے ملک کنگال اورقومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوا اب بھی وقت ہے کہ مخالفین ہوش کے ناخن لیں ،الزامات اورجھوٹ کی سیاست کو ترک کر کے ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں اگر اب بھی رویہ نہ بدلا تو یاد رکھیں کوئی ہمارا نام لینے والانہ ہوگا ،محنت ،امانت اوردیانت کو شعار بنا کرملک وقوم آگے بڑھ سکتی ہے اورپاکستان دنیا عظیم ملک بن سکتاہے اگر ہندوستان ایک معاشی قوت بن سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں،صوبائی وزراء خواجہ عمران نذیر، نعیم اختر بھابھہ ، آصف سعید منہیس ، اراکین قومی اسمبلی سعید احمد خان منہیس ، تہمینہ دولتانہ ، چودھری نذیر احمد آرائیں ، سعید ساجد مہدی، اراکین صوبائی اسمبلی ، سیکرٹری صحت اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں 1ارب20کروڑ43لاکھ روپے کی لاگت سے ہسپتال کی تعمیر و توسیع اوردیگر منصوبوں کا افتتاح کیا،جن میں پتھالوجی لیب ، سی ٹی سکین مشین ، انسینریٹراورہیپاٹائٹس فلٹر کلینک شامل ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں 4میگا پراجیکٹ 24 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کی تعمیر و توسیع اور تزئین نو پر 95 کروڑ 83 لاکھ روپے لاگت آئی ہے،وزیر اعلی نے پتھالوجی لیب کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰنے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں پتھالوجی لیب کا انتظام امریکن ادارے نارتھ شور میڈیکل لیبارٹریز کے سپرد کیا گیا ہے ، مریض معمولی ٹوکن فیس ادا کر ینگے ، ٹیسٹوں کی فیس حکومت پنجاب دیگی اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں 43 قسم کے روزانہ 1200 طبی ٹیسٹ کئے جا سکیں گے اوراس لیب میں یورپی معیارکے طبی ٹیسٹ کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے، حکومت پنجاب کے 26 ضلعی ہسپتالوں میں نجی انتظام کیساتھ نئی پتھالوجی لیبز قائم کر رہی ہے ،سرکاری ہسپتال کی لیب کا رزلٹ مستند تصور کیا جائے گا،وہاڑی سمیت 26ضلعی ہسپتالوں میں پرائیویٹ منتظمین کیساتھ سی ٹی سکین مشینیں مہیا کی جا رہی ہیں ، سرکاری ہسپتالوں میں 24 گھنٹے سی ٹی سکین مشینوں کی سہولت میسر ہو گی جو نہ تو خراب اور نہ ہی بند ہو گی،26 ضلعی ہسپتالوں میں ہاسپٹل ویسٹ تلف کرنے کیلئے انسینریٹر لگائے جا رہے ہیں ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں بھی انسینریٹر نصب کیا گیا ہے ، انسینریٹر کے ذریعے تحصیل ہسپتالوں، طبی مراکز اور نجی ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کیا جا سکے گا، ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، علاج اور تشخیص کیلئے ضلعی ہسپتالوں میں فلٹر کلینکس قائم کئے جا رہے ہیں، وہاڑی میں فلٹرکلینک2ماہ قبل آپریشنل کیا گیا جہاں اب تک ، 1434 مریضوں کی سکریننگ اور 1666 کی ویکسینیشن کی گئی ہے،حکومت پنجاب نے 66 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کی تعمیر نو کر کے عوام کی خدمت کا وعدہ پورا کیا ہے ،ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی کی 300 بیڈ تک توسیع مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے، وہاڑی کے عوام سے محبت ہے ، خدمت کا سفرجاری رہے گا، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے دوردراز علاقوں میں صحت عامہ کیلئے عوام کو معیاری اور جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ، اس نظام کامقابلہ ہمسایہ ممالک کیساتھ بھی کیا جاسکتا ہے، حکومت نے صحت کے شعبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے،ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی مفت ادویات کے علاوہ آٹومیٹک بیڈ اورکی ہول سرجری کی سہولت دستیاب ہے ، صوبے کے ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں لگائی جارہی ہے اب تک یہ مشینیں 9اضلاع میں لگ چکی ہے جبکہ 20اضلاع میں مزید لگ رہی ہے یہ سی ٹی سکین مشینیں 24گھنٹے مریضوں کو سہولت فراہم کررہی ہیں ،جاپانی کمپنی نے یہ مشینیں فراہم کی ہیں ان کو چلانے کیلئے عملہ بھی اسی کمپنی کا ہے ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ،متعلقہ ہسپتال کے ایم ایس مریض کو صرف پرچی دیتا ہے اورمریض ان مشینوں سے مفت سی ٹی سکین کراتا ہے، مریضوں کی جیب سے پیسے نکلوانے کا نظام ختم ہوچکا ہے کیونکہ سی ٹی سکین کیلئے ادائیگی پنجاب حکومت کرتی ہے،اس پورے نظام کا لاہور میں کنٹرول سسٹم موجود ہے اورجہاں سی ٹی سکین کی مشینیں لگ چکی ہیں وہاں کمپنی کے ریڈیالوجسٹ موجود ہیں اب کسی مافیا کی جانب سے پیسے کمانے کیلئے سی ٹی سکین مشین خراب کرنے کا کلچر دفن ہوچکا ہے،اسی طرح ہیپاٹائٹس کے مرض کے علاج کیلئے بھی انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں،بے شمار ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس آپریشنل ہیں اوریہاں مریضوں کو علاج اور ادویات مفت مل رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ یورپ سے منگوائے گئے موبائل ہیلتھ یونٹ صوبے کے دوردراز علاقوں میں مریضوں کو علاج و تشخیص کی جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں،20موبائل ہسپتال مزید منگوائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی اپنی نوعیت کا منفرد اورشاندار ہسپتال بن چکا ہے،یہاں جدید ترین ہیپاٹائٹس لیب بھی بنوائی گئی ہے اوریہاں ہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے ویکسی نیشن و ادویات مفت ہیں، ہسپتالوں کے فضلے کوتلف کرنے کے لئے جدید پلانٹ نصب کیے گئے ہیں،وہاڑی سمیت پنجاب کے 13اضلاع میں یہ پلانٹ لگ چکے ہیں، ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد اورعملے کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور10لاکھ روپے انعام کااعلان کیا،موبائل ہسپتال اوردیہی علاقوںمیں مفت ایمبولینس سروس ہماری حکومت کا شاندار کارنامہ ہے ، شہباز شریف نے لاہور ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب قوم آپ کو اچھی طرح پہچان چکی ہے ، الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ پتہ چل جائیگا عوام آپ کو چھٹی کا دودھ یاد دلائیں گے،لاہور ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰشہباز شریف نے کہا کہ بنی گالہ اور بلاول ہاؤس ایک ہی جگہ کے دو نام ہیں ، دونوں کو قوم پہچان چکی ہے ، قوم اب بازی گروں سے مزید دھوکے نہیں کھائے گی ، نیازی صاحب نے 11نکات میں سی پیک کا ذکر تک نہیں کیا وہ سی پیک اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، 2013ء میں مینار پاکستان میں نیازی صاحب نے قوم سے جھوٹ نہ بولنے کا حلف اٹھایا تھا لیکن اب انہوں نے اور کوئی ریکارڈ بنایا ہو یا نہ بنایا ہو لیکن انہوں نے جھوٹ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ہم نے وہاڑی، لیہ سمیت تمام اضلاع میں ہسپتالوں کی تعمیر نو کی عمران خان بتائیں خیبر پختونخوا میں کوئی ان جیسا کوئی ہسپتال ہے،سندھ اور خیبر پختونخوا میں کتنے نئے ہسپتال بنائے گئے ، کتنے ہسپتالوں میں توسیع کی گئی،لاہور میں آکر شوق سے جلسے کریں لیکن پشاور میں جلسہ کر کے ضرور بتائیں کہ عوام کیلئے کیا کیا ہے ، خیبر پختونخوا کو کھا پی کر لاہور جلسہ کرنے جا رہے ہیں ، خیبر پختونخوا کے لو گ جلسے کیلئے لاہور آئے اور ترقی دیکھ کر مسلم لیگ (ن) کے ووٹر بن گئے، اورنج لائن ٹرین کے بارے میں پی ٹی آئی کے رہنما نے عدالتی کارروائی کے ذریعے تاخیر کے اسباب پیدا کئے ، بصورت دیگر آج اورنج لائن ٹرین بن چکی ہوتی اور عوام سفر کر رہے ہوتے، شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پاناماسے پیچھے ہٹنے پر اربوں روپے رشوت کا جھوٹا الزام لگایا مگر اب عدالت میں اس الزام کو ثابت کرنے کے لئے پیش کیوں نہیں ہوتے اسی طرح ملتان میٹرو کے بارے میں کرپشن کے الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر عدالت سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ،ورلڈ کپ تو آپ نے جیت لیا لیکن کے پی کے کو اجاڑ دیا ، عمران خان شوکت خانم ہسپتال بنانے کا کریڈٹ لیتے ہیں ،شوکت خانم کیلئے زمین میاں نواز شریف صاحب نے دی اور 25 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی فراہم کی ،ہمارے بزرگوں نے ہسپتال اور دیگر فلاحی ادارے بنائے مگر ہم نے کبھی ان کا ڈھنڈورانہیں پیٹا ، نیازی کج فہم ہیں ، ہر روز بڑی وکٹ گرنے کی بات کرتے ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روزجرمنی کی معروف کمپنی سیمنز بورڈ کے چیئرمینسباسٹین اینڈریس بریچٹ(Mr.Sebastian Andreas Brachert) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کو برق رفتاری کیساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کے باعث لوڈشیڈنگ میں بے پناہ کمی ہوئی ہے، توانائی منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت ،امانت ،دیانت او رجہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے ،ن لیگ کی حکومت نے توانائی کے منصوبوں کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا ہے اور پنجاب میں لگنے والے 4گیس پاور پلانٹ میں قوم کے 150ارب روپے بچائے گئے ہیں،اس موقع پر جرمن وفدنے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی توانائی منصوبوں کیلئے غیر معمولی محنت اوربرق رفتاری سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی لگن اور عزم سے کام کر رہی ہے اور ہم توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کیساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ،چیئرمین قائداعظم تھرمل پاور لیمٹیڈ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری توانائی اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیر اعلی پنجاب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے دورہ پر پہنچے تو ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگوں کی کثیر تعداد جمع ہو چکی تھی، وزیر اعلی گاڑی سے باہر نکلے تو عوام کے ہجوم نے پرجوش نعروں اور تالیوں سے ان کا استقبال کیا، وزیر اعلی ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیتے رہے ،شہباز شریف نے استقبالیہ پر باقاعدہ پرچی حاصل کی اور کارڈ بنوایا ، اوپی ڈی میں وزیر اعلیٰ نے مریض بچوں کو پیار کیا اور انہیں سہلاتے رہے ، بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی، ایک بزرگ مریض وزیر اعلی ٰکو دیکھ کر ان کے پاس آگئے اور کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ نے بہت ہی اچھا ہسپتال بنایا میں نے کبھی ایسا ہسپتال نہیں دیکھا اللہ آپ کو خوش رکھے آپ عوام کی بہت خدمت کر رہے ہیں ، وزیر اعلی نے بزرگ کا شکریہ ادا کیا،وزیر اعلی نے آئی سی یو میں داخل مریضوں کی باری باری عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں ڈاکٹروں کے رویے ، طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا،بعدازاں وزیر اعلی ٰشہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور شعر پڑھا !فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں …موج ہے دریامیں اور بیرون دریاکچھ نہیں ۔۔۔۔وزیر اعلی نے اس موقع پر اپنے پسندیدہ اشعار بھی دہرائے!تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں…تو کانٹوںمیں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لےنہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو…کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے،وزیر اعلی ٰنے گفتگو کے آخر میں پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیر اعلیٰ نے پتھالوجی لیب میں کام کرنے والی کیمسٹ خاتون سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور انہیں مزید ترقی کے لئے دعائیں دیں۔