• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران انتشار میںمصروف ہے، زرداری نے سندھ تباہ کردیا، شہباز شریف، وہاڑی میں صحت کے منصوبوں کا افتتاح

لاہور( نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ ٰپنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وہاڑی میں 1ارب20کروڑ43لاکھ روپے کی لاگت سے اسپتال سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ عمران انتشار میں مصروف رہے جبکہ زرداری نے سندھ کو تباہ کر دیا، ملک میں الزام تراشی کا کلچر بن چکا ہے،جھوٹ بولنا اورالزام تراشی کرنا عمران نیازی کی عادت ہے، ہم نے اجتماعی کاوشوں سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا، ضلعی،صوبائی اورقومی سطح پر اتفاق اورٹیم ورک سے ہی قومیں بنتی ہیں،اکیلا فرد کچھ نہیں کرسکتا،باہمی محبت، شب و روز کی محنت اورامانت و دیانت کو شعار بنا کرہی معاشرے آگے بڑھتے ہیں، گزشتہ 5برسوں کے دوران عمران نے اپنے صوبے میں کوئی منصوبہ لگانے کی بجائے صرف جھوٹ اور الزام تراشی کی ہے انہیں اگر جھوٹے الزامات اوردھرنے دینے سے فرصت ملتی تو وہ عوام کیلئے کوئی فلاحی منصوبہ لگاتے،کے پی کے کی دکھی انسانیت کی خدمت کرتے، دوسری جانب زرداری کی حکومت نے بھی سندھ میں صحت کے عامہ کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا ہے جبکہ ہم نے ایک ٹیم ورک کے طورپر کام کرتے ہوئے پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں، زرداری صاحب کی جانب سے اس غریب قوم کے لوٹے ہوئے 6ارب روپے نظام تو واپس نہیں لاسکا،تاہم وہ یہ رقم خود واپس لے آئیں تو شاید اللہ تعالیٰ ان کی غلطیوں کو معاف کردے، کھربوں روپے کی کرپشن سے ملک کنگال اورقومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوا اب بھی وقت ہے کہ مخالفین ہوش کے ناخن لیں، الزامات اورجھوٹ کی سیاست کو ترک کر کے ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں اگر اب بھی رویہ نہ بدلا تو یاد رکھیں کوئی ہمارا نام لینے والانہ ہوگا، محنت، امانت اوردیانت کو شعار بنا کرملک وقوم آگے بڑھ سکتی ہے اورپاکستان دنیا عظیم ملک بن سکتاہے اگر ہندوستان ایک معاشی قوت بن سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں، بعدازاں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور شعر پڑھا! فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں …موج ہے دریامیں اور بیرون دریاکچھ نہیں۔۔۔۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اپنے پسندیدہ اشعار بھی دہرائے!تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں…تو کانٹوںمیں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لےنہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو…کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے،وزیر اعلی ٰنے گفتگو کے آخر میں پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیر اعلیٰ نے پتھالوجی لیب میں کام کرنے والی کیمسٹ خاتون سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور انہیں مزید ترقی کے لئے دعائیں دیں۔ 
تازہ ترین