• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین یونس خان نے کھیل کے میدان میں میچز جیتے کے بعد اب دل جیتے کا عمل شروع کردیا ہے،انہوں نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 12 سالہ مداح سے کیا اپنا وعدہ پورا کردیا۔

یونس خان کا دل جیتنے والا اقدام

یونس خان پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز بنانے والے اکلوتے بیٹسمین ہیں، انہوں نے اپنی بیٹنگ سے سے کئی میچز میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور دنیا بھر میں مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے فیلکس اینڈرسن جیسا مداح بھی نصیب والوں کو ملتا ہے، یونس خان کے اس فین نے 2 سال پہلے ایک خط لکھا تھا، جس میں پاکستانی ماسٹر بیٹسمین کو اپنا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی سری لنکا کے خلاف 318 رنز اور انگلینڈ کے خلاف 218 رنز کی تاریخی اننگز کی کھل کر تعریف کی۔

فیلکس اینڈرسن نے خط میں یونس خان کی خوبصورت ڈرائنگ بھی بنائی اور اپنے ہیرو کی کور ڈرائیو اور کٹ شاٹ کو پرفیکٹ قرار دیا اور ان دونوں اسٹروکس کو کھیلنے کےلئے مشورہ بھی مانگا، دراصل وہ بھی پروفیشنل کرکٹر بن کر نمبر 3 پر ہی بیٹنگ کرنا چاہتا ہے۔

یونس خان کوفیلکس اینڈرسن کا خط دو سال بعد ملا تو انہوں نے اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشکریے کے ساتھ شیئر کیا اور اپنے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مداح سے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی ان کی درخواست پر ایک خصوصی ویڈیو بناکر انہیں ان دونوں اسٹروکس کی یکنیک سے آگاہ کریں گے۔

یونس خان نے اپنے دور پرے کے اس مداح کے لئے دو منٹ طویل ویڈیو بنائی،جس میں بیٹنگ تکنیک میں بہتری کے متعدد مشورے دیے گئے اور کہا کہ وہ یہ ویڈیو دیکھ کر پریکٹس کرے اور اپنے کھیل کو بہتر بنائے،پاکستانی ماسٹر بیٹسمین نے اس دوران فیلکس اینڈرسن کےلئے نیک خواہشات کے ساتھ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ ایک دن کھیل کے میدان میں اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔

یونس خان کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر ہوئی تو ان کے کئی مداحوں نے اس اقدام کو خوب پسند کیا اور اسے ایک عظیم انسان کا عمل قرار دیا ہے۔

تازہ ترین