لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ پی پی فیصلہ کرے پارٹی لیڈر آصف زرداری ہیں یا بلاول ہیں، حکومت سندھ نے وفاق کے ایک ہزار ارب روپے خورد برد کیے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، میرے خاندان کے خلاف کرپشن الزامات پر نیب کی جانب سے جاری ہونے والا اعلامیہ سیاسی انتقام اور کردار کشی پر مشتمل ہے۔ وہ ہفتے کو لاڑکانہ میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان 22 سال سے اقتدار سے باہر ہے اور ہم کسی عہدے پر بھی نہیں رہے تو پھر ہمارے خلاف اس قسم کی کاروائی عباسی خاندان کی کردار کشی اور نیک نامی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جس طرح احتساب کیا جارہا ہے اس پر عوام میں شدید تحفظات اور سوال پیدا ہورہے ہیں، حکومت سندھ میں جس طرح گذشتہ دس سالوں سے ہر سطح پر ہونے والی کرپشن کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت سندھ کو وفاق کی جانب سے ملنے والے ایک ہزار ارب روپے خورد برد کرلئے گئے لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، محکمہ آبپاشی سندھ میں ہزاروں ارب روپوں کی کرپشن پر نیب کی خاموشی معنی’ خیز ہے۔