• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریک ڈاؤن، پنڈی اسلام آباد میں بحالی کے بعد پھر بجلی غائب

 پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

تربیلا اور گڈو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

فنی خرابی کے باعث پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بجلی بحال ہونے کے بعد پھرچلی گئی۔

بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پنجاب اورخیبرپختونخوا کےشہروں ملتان، بہاولپور، سوات، لکی مروت، نوشہرہ میں شدید گرمی میں لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔

پنجاب اورخیبر پختونخوا کےمختلف شہروں میں صبح سےہی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

تربیلا اورگڈو تھرمل پاورپلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سےملتان، بہاول پور، چکوال، رحیم یارخان سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بجلی بند ہے۔

گڈو تھرمل ذرائع کےمطابق یلوکیبل میں فنی خرابی کےباعث گڈو سے ملتان جانی والے ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی ہے، جس سےپنجاب کے مختلف اضلاع کو گڈو سےفراہمی معطل ہے اور فالٹ تلاش کیا جا رہا ہے۔

سوات، نوشہرہ، لکی مروت اور ٹانک سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شدید گرمی میں شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کے مطابق تربیلا سےشروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کر گئے، جس سے پنجاب اور خیبرپختون خوا کے متعدد شہروں میں بجلی کی بحالی معطل ہوگئی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بریک ڈاؤن تربیلا کےباعث نہیں ہوا، منگلاغازی بروتھا سے خرابی دورکر دی گئی ہے، جبکہ بریک ڈاؤن کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

سیکریٹری پاور ڈویژن اور متعلقہ حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر پہنچ گئے جب کہ این پی سی سی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔

سوات میں صبح 10 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ لکی مروت، ملتان اور بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند ہے۔

چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورت حال ٹھیک ہے، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے اور ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 20 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔

ادھر پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بحران پیدا ہوتے ہی ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار بحال ہونا شروع ہوگئی، جبکہ منگلا غازی بروتھا سے انجینئرز نے خرابی دور کر دی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مرحلہ وار بجلی کی مکمل پیداوار نظام میں شامل ہو جائے گی، بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگا واٹ ہو گئی ہے۔

تازہ ترین