• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف 30 برس اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سیاست کرتے رہے ،دھرتی سے وفا کرنے کو تیار نہیں،آصف زرداری

نوازشریف 30 برس اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سیاست کرتے رہے ،دھرتی سے وفا کرنے کو تیار نہیں،آصف زرداری

لاہور (نمائندہ جنگ؍ مانیٹرنگ سیل) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف 30 برس تک اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر سیاست کرتے رہے اب اگر وہ حساب مانگیں تو حساب دینا بھی پڑے گا۔ طاقت کے نشے میں یہ دھرتی سے وفا کرنے کو تیار نہیں ہیں، ہم نے لوگوں کوسزا نہیں دلوانی بلکہ ان کی غلطیاں یاد دلا کر انہیں معاف کرنا ہے۔ لاہور میں افطار ڈنر پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ سیاستدان سیاست کی بات نہ کرے تو کیا کرے؟ اس وقت بہت سے لوگ تکلیف میں ہیں۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے خبردار کیا کہ پہلے آپ اپنی دکان کا بتائیں کہ آپ کی دکان کیسے بن گئی؟ انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان آئے اور آپ کے بزرگ آئے تو آپ جب پاکستان آئے تھے تو کیا لیکر آئے تھے اور آج آپ کے پاس کیا ہے؟ یہ ساری چیزیں حساب میں آئیں گی۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کی قیادت نے آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر لاہور میں بلاول ہاوس کو اپنا مرکز بنا لیا ہے۔ دریں اثناء آصف علی زرداری نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انکے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کرنل سہیل عابد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دشمنوں کو کچلنے والے قوم کے ہیرو ہیں ،قوم دھرتی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے والے بہادر بیٹوں کو سلام کرتی ہے ۔

تازہ ترین