• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہی شادی سے برطانوی معیشت کو ایک کھرب 36 ارب کا فائدہ

شاہی شادی سے برطانوی معیشت کو ایک کھرب 36 ارب کا فائدہ

لاہور(صابر شاہ)برطانوی شہزادہ ہیری اور سابق امریکی اداکارہ میگھن مرکل ہفتہ کے روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے ،شاہی جوڑے کی شادی کی تقریب قلعہ ونڈسر کے سینٹ جارج چیپل میں منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے 600 سے نمایاں شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔خبررساں ادارے ’’بزنس انسائیڈر‘‘ کے مطابق شاہی شادی پر 45.8 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 5؍ ارب 29؍ کروڑ 86لاکھ پاکستانی روپے )خرچ ہوئے۔ 2011ء میں ہیری کے بھائی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کی شادی پر قریباََ 34 ملین امریکی ڈالر خرچ ہوئے تھے جس میں 8.7 ملین ڈالر صرف سکیورٹی پر خرچ ہوئے اور مقررہ وقت سے زائد ڈیوٹی کرنے پر پولیس کو 4.9 ملین ڈالر اضافی ادا کیے گئے۔ اثاثہ جات کا حساب کتاب رکھنے والی بین الاقوامی ایجنسی ’’ میسرز برانڈ فنانس ‘‘ کے مطابق شاہی شادی کی وجہ سے سیاحت، ٹی وی براڈکاسٹ اور ہوٹلنگ کی مد میں برطانوی معیشت کو ایک ارب یورو (1.346 ارب امریکی ڈالر) یا (ایک کھرب 36؍ ارب 40؍ کروڑ پاکستانی روپے )کا فائدہ ہوا۔ اخراجات شاہی خاندان نے ادا کیے:بزنس انسائیڈر کیمطابق شاہی شادی کے دعوت ناموں سے لیکر آرائش و زیبائش، موسیقی اورتواضع تک تمام اخراجات شاہی خاندان نے اپنے پاس سے کیے۔ ’’بزنس انسائیڈر‘‘ نے ملکہ ایلزبیتھ کی دولت 104.8 ملین امریکی ڈالر بتائی تھی جبکہ ’’فوربز میگزین‘‘ کے مطابق ملکہ 530 ملین ڈالر کی مالکہ ہیں۔دلہن کا لباس کتنے میں تیار ہوا؟میگھن مرکل نے دوہرےبند کا ریشمی لباس زیب تن کیا،جو فرانسیسی فیشن ہائوس ’’ کیوانچے‘‘ کی برطانوی فیشن ڈیزائنر کلئیر ویٹ کیلر نے ڈیزائن کیا،اور اسکی قیمت 5 لاکھ ڈالر سے 6 لاکھ ڈالر (6؍ کروڑ 94لاکھ پاکستانی روپے ) کے درمیان تھی۔ 2011ء میں کیٹ مڈلٹن کے لباس پر 4 لاکھ 34ہزار ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ ڈیزائنر کیلر نے دلہن کے لباس پر دولت مشترکہ کے تمام 53 ممالک کے قومی پھولوں کو ملا کر دیدہ زیب ڈیزائن بنایا۔ دلہن کا نقاب باریک ریشمی جالی سے تیار کیا گیا جو پانچ میٹر لمبا تھا اور اس پر ریشمی دھاگے سے کشیدہ کاری کرکے پھول بنائے گئے تھے، باریک ریشمی جالی سے نقاب تیار کرنے میں کئی گھنٹے صرف ہوئے اور ورکر ز ہر آدھے گھنٹے بعد ہاتھ دھوتے تھے تاکہ ریشم کا کام بالکل اصلی لگے۔کتنے مہمان مدعو تھے؟شادی کے دن ونڈسر کیسل گرائونڈ میں 2640 مہمان موجود تھے، یہ جگہ 150 سال سے شاہی شادیوں کیلئے استعمال ہو رہی ہے ، 1863 ء میں ملکہ وکٹوریہ کے بیٹے شہزادہ البرٹ ، ایڈورڈ ہفتم اورشہزادی الیگزینڈرا تک سب شادیاں یہاںہوئیں۔

تازہ ترین