• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن کے تحت ہیٹ اسٹروک سے بچاؤکے موضوع پر سیمینار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور سایہ ویلفیئرآرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے " ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ" کے موضوع پر آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹر زین الحسنین نے کہاکہ فارماسسٹ کمیونٹی فارمیسی پریکٹس کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کریں کہ ہیٹ اسٹروک کا جسم پر سب سے خطرناک اثر یہ ہوتا ہے کہ پسینہ زیادہ آنے کے بعد پانی کی کمی کی وجہ سے جسم حدسے زیادہ گرم اور خشک ہوجاتا ہے اور کسی صورت ٹھنڈا نہیں ہوتا۔ کنسلٹنٹ ڈاکٹررفعت انوارصدیقی نے کہاکہ متاثرہ شخص کے جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے مریض کا جسم ٹھنڈے پانی سے گیلا کریں۔ پنکھا چلادیں، بغلوں ، گردن اور پیٹھ پر برف کی ٹکور کریں، نمکیات کی کمی دور کرنے کے لیے اور آر ایس یا نمک ملاپانی دیں، اسپتال میں غذا شریانی نظام کے ذریعے دیں، ایسوسی ایٹ پروفیسر ہمدرد یونیورسٹی ڈاکٹر لیاقت رضا نے کہاکہ ہیٹ اسٹروک کی علامات میں شدید پیاس لگنا، سردرد، تیزبخار، چکرآنا، الٹی ومتلی، کمزوری اور پٹھوں میں کھنچاؤ اوربے ہوشی شامل ہیں۔ چیئرمین سایہ ویلفیئرآرگنائزیشن ڈاکٹرتسنیم احمدزیدی نے کہاکہ گرمی کے حملے سے بچنے کے لیے احتیاطً دن کے گرم ترین اوقات صبح11 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے دوران باہر جانے سے گریز کریں۔ سائے میں وقت گزاریں اور سخت محنت سےاحتیاط کریں صدرپی جی اے ڈاکٹرامرعلی نے کہاکہ درجہ حرارت میں اضافہ نوجوانوں ، بزرگوں ، امراض قلب اور سانس کی تکلیف میں مبتلاافراد کے لیے خطرناک ہے۔ سیمینار سے ڈاکٹر تنویر احمدصدیقی، ڈاکٹر خاورخالد، ڈاکٹر تنویرعالم، ڈاکٹرجوادشمسی، ڈاکٹرشیزہ ظہیر نے بھی اظہارخیال کیا۔
تازہ ترین