• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان ٹرانسمیشن، احکامات پرعدم عملدرآمد بعض ٹی وی چینلز کے سی ای او، اینکرز طلب

رمضان ٹرانسمیشن، احکامات پرعدم عملدرآمد بعض ٹی وی چینلز کے سی ای او، اینکرز طلب

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر بعض نجی ٹی وی چینلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ، اینکرز کو 23 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجی ٹی وی چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور اینکرز ساحر لودھی ، نبیل ظفر ، فہد مصطفی اور عامر لیاقت کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے کل عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بتائیں کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ فاضل عدالت نے ڈی جی آپریشنز پیمرا کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت نے یہ احکامات وقاص ملک ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے بعد جاری کئے۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار وقاص ملک ایڈووکیٹ اور کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ٹی وی چینلز اسلام آبادہائی کورٹ کے 9 مئی کے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق پیمرا کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مئی کو رمضان ٹرانسمیشن کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں ۔ عدالت نے اپنے حکم میں مختلف ڈراموں ، اشتہارات اور غیر ملکی مواد سے متعلق خصوصی احکامات جاری کئے اور یہ ہدایت دی گئی کہ جوا اور لاٹری جیسے پروگرام رمضان کے دوران نہیں چلائے جائیں گے چاہے ان کا مقصد حج عمرے کے ٹکٹ ہی کیوں نہ ہوں ۔ اسی طرح نیلام گھر اور سرکس شو جیسے پروگراموں پر بھی پابندی عائد کی گئی لیکن اس کے باوجود ان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ یہ اقدامات عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہیں لہٰذا فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین