• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے ایوان ،عدالتی بیانات میں تضاد کیوں؟ فیصل جاوید

نوازشریف کے ایوان ،عدالتی بیانات میں تضاد کیوں؟ فیصل جاوید

کراچی (جنگ نیوز)پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ نواز شریف صفائی نہیں دے سکے مگر اڈیالہ جیل میں صفائی ہوچکی ہے، سابق وزیراعظم کے ایوان اور احتساب عدالت میں دیئے گئے بیانات میں بہت زیادہ فرق ہے، ن لیگ کے امیدوار پوسٹرز پر نواز شریف کی تصویر استعمال نہیں کررہے ہیں، احسن اقبال جیسے لوگوں کا کوئی قبلہ یا نظریہ نہیں ہے،سندھ اور پنجاب کو چیلنج کرتا ہوں خیبرپختونخوا سے کارکردگی کا موازنہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں ن لیگ کی رہنما مائزہ حمید اور پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری بھی شریک تھیں۔ پروگرام میں نگران وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق نمائندہ جیو نیوز اسلام آباد وقار ستی سے بھی گفتگو کی گئی۔مائزہ حمید نے کہا کہ عمران خان سوروزہ پلان کی بجائے خیبرپختونخوا کی اپنی کارکردگی بتائیں، نواز شریف نے احتساب عدالت میں وہی باتیں کی ہیں جو پہلے ایوان میں کی تھیں، نواز شریف کو احتساب سے بچنا ہوتا تو روز عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتے، عمران خان لوگوں کو ڈرائی کلین کر کے پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ عدالت میں نواز شریف کا بیان ایوان میں کیے گئے خطاب سے مختلف تھا، نیب نے نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کو جو رعایتیں دیں وہ شرجیل میمن کو نہیں دی گئیں۔نمائندہ جیو نیوز اسلا م آباد وقار ستی نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوچکا ہے لیکن بتایا نہیں جارہا ہے، نگراں وزیراعظم کیلئے بھی ایک ایسا نام ہے جو دو تین جگہوں سے آرہا ہے، جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی کا نام پی ٹی آئی کے ساتھ ن لیگ نے بھی دیا ہے، غالب امکان ہے کہ وہ نگران وزیراعظم ہوسکتے ہیں، کہا جارہا ہے جمعرات تک نگران وزیراعظم کیلئے حتمی نام کا اعلان کردیا جائے گا، بہت نامی گرامی صحافیوں نے بھی نگران سیٹ اپ میں عہدوں کیلئے درخواستیں دی ہیں، گزشتہ چار پانچ دن سے لوگ آکر اپنی وفاداریوں کا یقین دلارہے ہیں مگر ابھی تک انہیں کوئی خوشخبری نہیں ملی ہے۔فیصل جاوید خان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ایوان اور احتساب عدالت میں دیئے گئے بیانات میں بہت زیادہ فرق ہے، نواز شریف کو اپنی صفائی دینے کے جتنے مواقع ملے تاریخ میں کسی کو نہیں ملے، نواز شریف کی پہلے منی ٹریل جدہ سے لندن تھی، پھر قطری شہزادے کا خط آگیا اور اب کہتے ہیں مجھے منی ٹریل کا نہیں پتا میرے بچوں سے پوچھیں، نواز شریف لندن فلیٹس کی سیل ڈیڈدکھادیں معاملہ ختم ہوجائے گا، لندن فلیٹس خریدے گئے تو نواز شریف کے بچے بہت چھوٹے تھے انہوں نے کیسے خرید لیے، یہ فلیٹس نواز شریف کے کرپشن کے پیسوں سے خریدے گئے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے کو ملک کے اداروں کیخلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نواز شریف عوام اور این آر او ڈھونڈنے نکلے مگر نہ عوام نکلی نہ این آر او ملا، نواز شریف صفائی نہیں دے سکے مگر اڈیالہ جیل میں صفائی ہوچکی ہے، ن لیگ کی حرکتوں کی وجہ سے پی ٹی آئی اگلی حکومت بنارہی ہے، نواز شریف کے پاس صفائی میں کچھ نہیں لیکن انہیں موقع پر موقع دیا جارہا ہے، نواز شریف کی جگہ عام آدمی ہوتا تو اب تک جیل میں سڑ رہا ہوتا، ن لیگی ارکان اسمبلی ایوان کے بجائے شریف خاندان کے پاس پہنچے ہوتے ہیں، ن لیگ کے امیدوار پوسٹرز پر نواز شریف کی تصویر استعمال نہیں کررہے ہیں، احسن اقبال جیسے لوگوں کا کوئی قبلہ یا نظریہ نہیں ہے، ن لیگ کا نظریہ ملک کو لوٹو اور اولاد اور مال سب باہر رکھو۔ فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنا ہر دعویٰ پورا کر کے دکھایا ہے، نواز شریف نے ملک میں ایک ایسا اسپتا ل نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کرواسکیں، سندھ اور پنجاب کو چیلنج کرتا ہوں خیبرپختونخوا سے کارکردگی کا موازنہ کریں، عمران خان نے خیبر پختونخوا میں وعدے پورے کیے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلباء پرائیویٹ اسکول چھوڑ کر معیارِ تعلیم بہتر ہونے کی وجہ سے گورنمنٹ اسکولوں میں آئے، خیبرپختونخوا میں بڑی کرپشن ختم ہوگئی ہے، پنجاب حکومت کے کوئی میگا پراجیکٹ ایسا نہیں جس میں کرپشن نہ ہوئی ہو۔مائزہ حمید نے کہا کہ نواز شریف نے احتساب عدالت میں وہی باتیں کی ہیں جو پہلے ایوان اور عدالت میں کی تھیں، نیب کے پاس ثبوت نہیں تو اس میں نواز شریف کا قصور نہیں ہے، اس میں نیب کی ٹیم قصوروار ہے جو بیرون ملک ثبوت اکٹھے کرنے گئے تھی،نیب سیاسی لوگوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال ہوتا ہے، سندھ میں ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر لوگوں پر نیب نے اربوں روپے کی کرپشن کے الزام لگائے لیکن ثابت نہیں کرسکا۔مائزہ حمید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پانچ سال میں کچھ نہ کرسکی اور آئندہ 100دن کا پلان دے رہی ہے،نواز شریف کو احتساب سے بچنا ہوتا تو روز عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتے، جھوٹ بولنے والا شخص روز عدالت میں پیشیاں نہیں بھگتتا ہے، عمران خان لوگوں کو ڈرائی کلین کر کے پارٹی میں شامل کررہے ہیں، احسن اقبال نے پارٹی کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال دی، جنوبی پنجاب میں جتنی ترقی پچھلے پانچ سال میں ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی ہے، عمران خان کو خیبرپختونخوا کی کارکردگی بھی بتانی چاہئے ۔

تازہ ترین