• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدرمیں انسدادتجاوزات آپریشن پورے رمضان جاری رہیگا،میئرکراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ صدر اور اطراف میں 20مئی سے شروع کیاگیاانسداد تجاوزات آپریشن پورے رمضان جاری رہے گا،آپریشن کے دوران ہزاروں کی تعداد میں لگے ہوئے پتھارے ، ٹھیلے اور پختہ تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے،دوبارہ تجاوزات کی روک تھام کیلئے آٹھ مقامات پر نگرانی کیلئے کیمپس لگائے گئے ہیں جس میں پولیس اور کے ایم سی کا عملہ 24گھنٹے موجود رہے گا،جس طرح کراچی پاکستان کا دل ہے اسی طرح ایمپریس مارکیٹ کراچی کا دل ہے،یہ تاریخی عمارت ہے اس عمارت اور اس کے اطراف تجاوزات ختم کرنے کا مقصد اس جگہ کو بہتر بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر ایمپریس مارکیٹ صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘میئر کراچی نے کہا کہ ہم اچھا کام کرنے جا رہے ہیں شہری ہمارے ساتھ تعاون کریں‘موجودہ مہم کے دوران ایمپریس مارکیٹ کے کوریڈور سے تمام تجاوزات ختم کی جائیں گی اور ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے میں لگائے گئے تمام بینرز ،بل بورڈز، اشتہاری بورڈ، کیبل وائر اور جھنڈے بھی صاف کئے جائیں گے تاکہ اس علاقے کو خوشنما بنایا جائے‘ایمپریس مارکیٹ کے اطراف واقع دکانوں کے مالکان سے درخواست کی کہ وہ اپنے سامان کو دکان تک ہی محدود رکھیں اور فٹ پاتھ یا سڑک پر اپنا سامان رکھنے سے گریز کریں بصورت دیگر فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے سامان کو ضبط کرلیا جائے گا‘فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے لہٰذا دوسروں کے حقوق غصب نہ کریں اور قانون کا احترام کریں‘ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں درخت لگانے کی ضرورت ہے ،کراچی میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم جاری ہے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی شجرکاری کی جائے گی جس سے یہ پورا علاقہ سرسبز اور خوبصورت نظر آئے گا‘اس علاقے کو لینڈ مارک کے طور پر بہتر بنائیں گے‘ان کا کہناتھاکہ صدر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔
تازہ ترین