• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے اپوزیشن لیڈر کی آج ایک اور ملاقات ہوگی

وزیراعظم سے اپوزیشن لیڈر کی آج ایک اور ملاقات ہوگی

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر آج ایک اور ملاقات ہو گی،آج اتفاق کی امید ورنہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں رابطہ ہوا ہے، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

ادھر پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کا نام فائنل کرنےکے لیے وزیر اعلیٰ شہبازشریف اوراپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی ملاقات آج پھر ہو گی۔

اس سے قبل 25 مئی کی ملاقات میں جو چار نام سامنے آئے ان میں اپوزیشن کی جانب سے سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر کھوسہ اور کامران رسول جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے سابق جسٹس سائر علی اورسابق آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر کے نام پیش کیے گئے تھے۔

ادھر سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے غلام علی شاہ پاشا اور ڈاکٹر قیوم سومرو مضبوط امیدوار ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا اور اب یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین