• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
میرے بیانیے اور مؤقف کی ہی فتح ہوگی، نواز شریف

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ فتح میرے بیانیے اور مؤقف کا نصیب ہوگی، فتح کے علاوہ دوسری منزل ہی کوئی نہیں ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرےاٹک قلعہ میں طیارہ ہائی جیک اور اس کیس میں مؤقف ایک ہی ہے، اس وقت نکالے جانے کی وجوہات بھی یہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا مذاق طیارہ ہائی جیک کیس تھا اتنا ہی مضحکہ خیزیہ مقدمہ ہے، نہ قوم طیارہ ہائی جیک کیس کو مانتی ہے نہ ہی اس کیس کو مانتی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر بات کریں گے، ن لیگ ہی واحد جماعت ہے جس نے کام کیا ہے، دوسری جماعتوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ، دوسری جماعتیں اپنے کسی منصوبے کا بتائیں ؟

انہوں نے سوال کیا کہ خود عمران صاحب بتائیں آج تک کون سا منصوبہ مکمل کیا ہے ؟ سوشل سیکٹر ، بجلی کا کوئی بھی منصوبہ ہے تو بتائیں ؟

نوازشریف کہتے ہیں کہ کارکردگی مرکز کی ہی ہے ، ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، سی پیک لائے، بڑے بڑے موٹر وے بنائے، فضل الرحمان سےپوچھیں، ڈی آئی خان میں کتنی تیزی سے موٹر وے بن رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گوادر کوئی کم فاصلہ نہیں، وہاں کے لیے کئی سو کلو میٹر کی سڑک بنائی،بلوچستان اور کراچی کا امن ٹھیک کیا، بھتہ خوری کی وارداتیں ختم ہوئیں۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ رمضان میں 22،22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، آج رمضان میں 45اور 47 ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی بجلی دے رہے ہیں،وقت ہی کتنا ملا، 2014ء کے دھرنے کے بعد 2016ء تک کام کیا۔

نواز شریف نے کمرۂ عدالت میں برطانوی نشریاتی ادارے کا آرٹیکل پڑھ کر سنایا۔

تازہ ترین