سعودی عرب کے مشیر اور ممتاز عالم دین ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے فتویٰ دیا ہے کہ غیر مسلم مساجد میں آجاسکتے ہیں ، اس میں کسی قسم کی کوئی قباحت نہیں ہے،تاہم مسلم ہنر مندوں کو ترجیح دینا بہتر ہے۔
سعودی اخبار کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ المطلق کا فتوے میں کہناہے کہ مساجد کی اصلاح و مرمت کا کام بھی غیر مسلموں سے لیا جاسکتا ہےبشرط یہ کہ کافر اپنے کفر کی نجاست کے ساتھ کسی ایسی حالت میں نہ ہوں جس حالت میں مسلمان کو بھی مسجد میں داخل ہونے کی، یا وہاں رکنے اور بیٹھنے کی اجازت نہیں، یعنی جنابت یا حیض کی حالت میں نہ ہوں۔
سعودی عالم دین نے مثال پیش کی کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبوی شریف میں غیر مسلموں کی میزبانی کیا کرتے تھے،نجران کے عیسائیوں کیلئے مسجد نبوی میں باقاعدہ خیمہ بھی نصب کرایا گیا تھا۔
ڈاکٹر عبداللہ المطلق کی جانب سے جا ری فتوے کے مطابق اسلام میں کسی غیر مسلم کو مسجد ماسوائے بیت الحرام کےمیں داخلے سے منع نہیں کیا گیا ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں غیر مسلم وفود مسجد میں ہی ٹھہرتے تھے۔ اس کے علاو ہ اگر کوئی غیر مسلم آُپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات کو آتا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف فرما ہوتے ، تو وہ مسجد میں ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کرتا تھا۔