• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی، جسے تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کا کہنا ہے کہ سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگی ہے، 8 فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے اور شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے۔

حکام کے مطابق اسنارکل اور واٹر باؤزر بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔

بوائلر پھٹتا تو نقصان بہت زیادہ ہوسکتا تھا

چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آگ پر 80 فیصد قابو پالیا گیا ہے، صورتحال کنٹرول میں ہے، ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے۔

چیف فائر آفیسر نے کہا کہ فیکٹری میں کپڑا ڈائی کرنے کا کیمیکل بھی موجود ہے، فائر فائٹرز نے فیکٹری میں لگے بوائلر کو سب سے پہلے محفوظ کیا، اگر بوائلر پھٹتا تو نقصان بہت زیادہ ہوسکتا تھا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم نے پولیس حکام کو فوری طور پر متاثرہ فیکٹری پر پہنچنے کا حکم دے دیا۔

اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے متاثرہ فیکٹری اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

وزیراعلیٰ سندھ نے شیر شاہ سائٹ ایریا کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے آگ لگنے کی وجوہات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے بھر کی فیکٹریوں میں ہر قسم کے کیمیکلز کا جامع آڈٹ اور خطرناک کیمیکلز کے ذخیرے اور استعمال کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید