• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر اداکارہ شبنم نے کوئی بیان جاری نہیں کیا، بیٹا رونی گھوش

فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر اداکارہ شبنم نے کوئی بیان جاری نہیں کیا، بیٹا رونی گھوش

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)گذشتہ دنوں پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کے ساتھ فاروق بندیال کی تصویر جو پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد شائع ہوئی تھی اور جس کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید منظر عام پر آنے کے بعد فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے فارغ کردیا گیا تھا،سوشل میڈیا پر عمران خان کے اس فیصلے کی زبردست ستائش کی گئی تھی،ستائش کرنیوالوں میں کئی معروف شخصیات کے ساتھ اداکارہ شبنم بھی شامل تھیں جنہوں نے ٹوئیٹر پر عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا ۔تاہم اس بارے میں اب یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ اداکارہ شبنم نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا اور نہ ہی ٹوئیٹر پر ’’جھرنا باسک ‘‘کے نام سے اُن کا کوئی اکاؤنٹ ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اُن کے نمائندے نے جب ڈھاکہ میں شبنم کے گھر فون کیا اور ان کی بات شبنم کے بیٹے رونی گھوش سے ہوئی جنہوں نے بتایا کہ شبنم ان دنوں کافی علیل ہیں اور اس حالت میں نہیں ہیں کہ میڈیا سے بات کرسکیں۔تاہم انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ ان کی والدہ نے کبھی ٹوئٹر استعمال کیا اور ʼجھرنا باسک کے نام پر چلائے جانے والے اکاؤنٹ کا اُن کی والدہ شبنم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کا نام استعمال کرنے کے پیچھے سیاسی ایجنڈا ہو سکتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ جعلی اکاؤنٹ جو اُسی دن بنایا گیا تھا اس اکاؤنٹ سے بعض معروف ، سیاسی اور میڈیا کی شخصیات کی جانب سے بھی فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر عمران خان کی تعریف وتوصیف کی گئی تھی۔

تازہ ترین