• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالرمزید مہنگا ہوکر 121 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا

ڈالرمزید مہنگا ہوکر 121 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 121 روپے 50 پیسے کی بلند سطح پر پہنچ گیا،فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹربینک میں گزشتہ روز امریکی ڈالر4 روپے 22 پیسے مہنگا ہوکر 119 روپے 84 پیسے پر بند ہوا تھا ۔

آج انٹربینک میں کاروبار کے دوران امریکی ڈالر 1 روپے 66 پیسے مہنگا ہوکر 121 روپے 50 پیسے کی بلند سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

معاشی ماہر محمد سہیل کا کہنا ہے کہ دو روز میں انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 5 فیصد کمی ہوچکی ہے، جس سے دو روز میں امریکی ڈالر 5روپے 88 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بھی روپے کی قدر میں گراوٹ پر پالیسی بیان میں کہا ہے کہ طلب ورسد کے فرق کی وجہ سے ڈالر مہنگا ہوا، بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال ڈالر کی قدر میں اضافے کا سبب ہے اور ساتھ ہی تجارتی خسارے میں اضافہ روپے کی قدر کو کم کر رہا ہے۔

پالیسی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مالی سال کے دوران برآمدات 13 فیصد سے زائد اور ترسیلات میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن اضافی درآمدات نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 14 ارب ڈالر تک پہنچا دیا ہے ۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی شرح تبادلہ مارکیٹ پر منبی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی کھاتے کے عدم توازن کو قابو میں لانے میں مدد ملے گی، مرکزی بینک زرمبادلہ کی مارکیٹ پر مسلسل کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

تازہ ترین