• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ادب پارے: خواجہ حسن نظامی

دہلی میں ایک جیب کترا تھا، جس کا انگوٹھا قینچی کے پھل کی طرح دودھارا تھا اور کلمے کی انگلی پتھر پر گھس گھس کر شیشے کی مانند سخت کرلی تھی۔ بس جہاں اس کی انگلی لگ جاتی تو قینچی کو پیچھے چھوڑ دیتی۔ ایک صاحب نے خواجہ حسن نظامی سے شکایت کی۔ ’’ دہلی کے جیب کترے کی بڑی دھوم سنی تھی۔ آج ہمیں دہلی کے بازاروں میں پھرتے چار دن ہوگئے ہیں ، کسی کی مجال نہیں ہوئی کہ ہماری جیب کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھ لے۔‘‘

خواجہ صاحب نے اس چٹکی باز سے ان صاحب کا سامنا کرایا۔ اس ہنرمند نے مسکرا کر کہا :

’’خواجہ صاحب ! میرے شاگردوں نے ان صاحب کا حلیہ بتایا تھا۔ چار دن سے انگرکھے کی اندر کی جیب میں پیتل کی آٹھ ماشیاں (آٹھ ماشا وزن کے سکے) ڈالے گھوم رہے ہیں اور وہ بھی گنتی کے چار۔ اب آپ ہی بتائیے کہ کون جعلی سکوں پر اپنی نیت خراب کرے گا۔‘‘

٭…٭…٭

ایک انگریز نے خواجہ حسن نظامی سے پوچھا:

’’سارے انگریزوں کا رنگ ایک سا ہوتا ہے، لیکن پتہ نہیں کیوں سارے ہندوستانیوں کا رنگ ایک سا نہیں ہوتا۔‘‘

خواجہ حسن نظامی نے جواب دیا: ’’گھوڑوں کے رنگ مختلف ہوتے ہیں، لیکن سارے گدھوں کا رنگ ایک سا ہوتا ہے ۔‘‘

٭…٭…٭

خواجہ حسن نظامی بعض اوقات بڑی دور کی کوڑی لاتے تھے۔سرتیج بہادر سپرو کے متعلق الہٰ آباد کے ایک ادبی اجتماع میں آپ نے فرمایا: ’’آپ یوں تو سرتیج ہیں، مگر اردو کے سرتاج ہیں اور اردو آ پ کو سپرو نہیں اپنا سپر سمجھتی ہے۔‘‘ خواجہ صاحب کی تشریح صرف صناعی نہیں، واقعہ بھی ہے۔

٭…٭…٭

قیام پاکستان کے بعدخواجہ حسن نظامی کی معاشی حالت بہت کمزور ہوگئی۔ دوست احباب بھی وداع ہو کر پاکستان پہنچ گئے۔ دوست کم، دشمن زیادہ ہوگئے۔ ہر قسم کی مصیبتیں ان پر نازل ہوگئیں، لیکن پھر بھی ان سے ’’سلطان جی کا آستانہ‘‘ نہ چھوٹا۔ اکبر الہٰ آبادی نے اس موقع پر یہ شعر کہا:

حضرت ابوہریرہ سے بلّی نہ چھٹ سکی

خواجہ حسن نظامی سے دلّی نہ چھٹ سکی

٭…٭…٭

تازہ ترین
تازہ ترین