• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بلاول کواربوں، ورثے میں ملے یا تحائف ؟

اسلام آباد ( انصار عباسی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے ڈیڑھ ارب روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کر دیئے۔ آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنے اثاثوں کی دی گئی تفصیل کے مطابق بلاول ملک اور بیرون ملک تقریباً دو درجن جائیدادوں کے مالک ہیں۔ ان کے علاوہ 23 غیر منقولہ اثاثے جن میں شیئرز، دبئی اور لندن میں بینک اکائونٹس شامل ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اثاثوں کی قیمت ظاہر کی ہے ۔ مثال کے طور پر کلفٹن کراچی میں بلاول ہاؤس کی قیمت 30لاکھ روپے دکھائی گئی ہے ۔ اسی طرح پاک لین اسٹیٹس میں شیئرز کی مالیت 9لاکھ روپے بتائی جو سنگجیانی اسلام آباد میں اربوں روپے کی 2460کنال اراضی کی مالک ہے ۔ پیپلزپارٹی کے سربراہ نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے تحت حلف نامہ ہی داخل نہیں کرایا،جس کی وجہ سے معلوم نہ ہوسکا کہ گزشتہ تین سال کے عرصہ میں انہوں نے کتنا انکم ٹیکس ادا کیا ہے ۔ بلاول کی زیادہ تر جائیداد والدین یا دادا یا نانا کی جانب سے تحفہ کی شکل میں ظاہر کی گئی ہے ۔ بلاول کی جو جائیداد پاکستان میں اور اس کی قیمت کچھ یوں ہے ۔(1) بلاول ہائوس، ڈی۔ 30 ، کلفٹن کراچی (تحفہ ) مالیت 30 لاکھ روپے۔ (2) ڈی۔ 33 ( 1027 مربع گز ) اسکیم۔ 5 کلفٹن، ایک تہائی حصہ۔ قیمت 22 لاکھ روپے۔ ( 3) پشاور میں مکان۔ ایک تہائی حصہ خود ملکیت ، قیمت 62 لاکھ روپے۔ (4) مکان نمبر۔ ایک، اسٹریٹ۔ 85 ۔ جی 4 / 6 ۔ اسلام آباد۔ ( 5) بنگلہ نمبر ۔ 158 ۔ سی ماڈل ٹائون لاہور۔ ایک تہائی حصہ ، خود ملکیت۔ ( 6) اپارٹمنٹ جی 1 / 7 اسلام آباد ( تحفہ ) قیمت 12 لاکھ روپے۔ ( 7 ) ایم۔ 05 ، میزو نائن فلور، جی 1 / 7 اسلام آباد ( تحفہ ) ۔ قیمت 14 لاکھ روپے۔ ( 8) بیسمنٹ 502 مربع گز جی۔ 1 / 7 اسلام آباد ( تحفہ ) قیمت 52 لاکھ روپے، ( 9 ) اپارٹمنٹ جی 1 / 7 اسلام آباد ( تحفہ ) قیمت 14 لاکھ روپے۔ ( 10) 90۔ کلفٹن کراچی، 50 فیصد کا ایک تہائی حصہ۔11 زرعی اراضی پریتم آباد، سانگھڑ سندھ دادا کا تحفہ )، قیمت 6 لاکھ 80 ہزار روپے۔ ( 12) 181 ایکڑ زرعی اراضی، دیہہ بھٹہ۔ لاڑکانہ رتوڈیرو ( ماں سے وراثت میں تحفہ ) قیمت 21 لاکھ روپے۔ ( 13) 33 ایکڑ زرعی اراضی دیہہ سالار، تعلقہ رتوڈیرو لاڑکانہ ( ماں کی طرف سے تحفہ ) قیمت 11 لاکھ روپے۔ ( 14) 0.37 گنٹا زرعی اراضی دیہہ بھانڈو رتوڈیرو، شکارپور روڈ ، قیمت 10744 روپے۔ ( 15) 13.2 ایکڑ اراضی دیہہ پنجو ابڑو رتوڈیرو، وراثت میں ملی۔ ( 16) وراثت میں ملی 3.1 ایکڑ ارضی نوڈیرو لاڑکانہ۔ ( 17) ماں سے وراثت میں ملی لاڑکانہ میں 2.2 ایکڑ اراضی۔ ( 18) 240 ایکڑ زرعی اراضی کا 15 فیصد جھانڈو مری ٹنڈو الہہ یار ۔ 5 لاکھ 25 ہزار 750 روپے ( 19) 12 ۔ ایکڑ زرعی اراضی تعلقہ چمبر، 10 لاکھ روپے اور ( 20) 17.10 ایکڑ اراضی دیہہ۔ 23 نوابشاہ قیمت 447388 روپے، بلاول نے پاکستان سے باہر دو غیر منقولہ جائیدادیں ظاہر کی ہیں، لیکن ان کی قیمت نہیں بتائی۔ ( 1) جمیرہ۔ دبئی میں ولا نمبر۔ 11 میں 33 فیصد حصہ، قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔ ( 2) ولا نمبر۔ 34 میں 37.5 فیصد حصہ الصفاء۔ 2 دبئی قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔ بلاول نے دو کمپنیوں میں سرمایہ کاری ظاہر کی ہے۔ ( a) زرداری گروپ کراچی میں 21 ہزار روپے مالیت کے شیئرز ( دادا کا تحفہ ) ( b) پارک لین اسٹیٹس کراچی میں 9 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز ( والد کا تحفہ ) ان کمپنیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ کئی سال قبل دی نیوز کی ایک خبر کے مطابق پارک لین اسٹیٹس کی ملکیت 2460 کنال اراضی شنگجیانی اسلام آباد دکھائی گئی تھی، جو 1990 کی دہائی میں ( نیب کیس میں ) مبینہ طور پر آصف علی زرداری کے فرنٹ مین کی ملکیت ظاہر کی گئی تھی۔ بلاول کے اعلان کے مطابق ان کے پاس کوئی کار نہیں ہے۔ 12 لاکھ روپے مالیت کے ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس ہیں۔ 4 کروڑ 90 لاکھ روپے نقد اور 5 مختلف بینکوں میں 98 لاکھ، 39 لاکھ، ایک لاکھ دو ہزار 566 ایک ہزار اور 33334 روپے کے اکائونٹس ہیں۔ بلاول نے بیرون ملک 23 منقولہ اثاثے ظاہر کئے ہیں، جن میں ( 1) 77 لاکھ روپے کا قرضہ ٹیمپو گلوبل گروتھ دبئی ۔ (2 ) 12 کروڑ 50 لاکھ روپے قرض ریڈئنٹ انوسٹمنٹ سروسز دبئی۔ ( 3) 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کا قرض رائل پراپرٹیز انٹرنیشنل دبئی کو۔ ( 4) 6 کروڑ 10 لاکھ روپے یونین نیشنل بینک، ایس زیڈ آر دبئی برانچ۔ ( 5) یونین نیشنل بینک دبئی ایس زیڈ آر برانچ میں جمع تین کروڑ 60 لاکھ روپے۔ ( 6) وکڑی انٹر پرائز یوکے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے کا قرض۔ ( 7) دبئی میں بیمہ پالیسی میں 28 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ( 8) دبئی میں ایک اور انشورنس پالیسی میں 90 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری۔ ( 9) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک دبئی میں جمع 66 لاکھ روپے۔ ( 10) اسی بینک میں 60 لاکھ روپے ٹرم ڈپازٹ، ( 11) موروثی رقم سے یونین نیشنل بینک دبئی میں 5 لاکھ روپے سیونگ اکائونٹ۔ ( 12) 20 لاکھ روپے کا اسی بینک میں ایک اور سیونگ اکائونٹ۔ ( 13) 60 لاکھ روپے سے اسی بینک میں ایک اور کھاتہ۔ ( 14) دبئی میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے نقد موجود۔ ( 15) ٹیمپو گلوبل 16 لاکھ روپے کے شیئرز، ( 17 ) وکٹری انٹر پرائز یوکے میں 526 روپے کے شیئرز۔ ( 18) ٹیمپو گلوبل گین میں 14 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز۔ ( 19) ریڈنیڈنٹ انوسٹمنٹ سروسز دبئی میں ماں کی طرف سے تحفہ 13 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز۔ ( 20) ٹیمپو گلوبل دبئی میں 87514 روپے کے شیئرز۔( 21) رائل پراپرٹیز انٹرنیشنل دبئی میں 87514 روپے ہی کے شیئرز۔ ( 22) ٹیمپو گلوبل گین ہی کو 27 کروڑ 30 لاکھ روپے کا قرض۔ ( 23) دبئی میں زیورات کے دس سیٹ، 9 شرٹ کف لنکس، سات گھڑیاں اور لیپ ٹاپ وغیرہ، پاکستان میں بلاول نے 25 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر اور دیگر ذاتی اشیاء ظاہر کیں۔ اس کے علاوہ 30 لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ، 5 لاکھ روپے مالیت کا لیپ ٹاپ اور موبائل سیل فون، 17 لاکھ روپے قابل وصولی اور پونے تین لاکھ روپے مالیت کے زرعی آلات ہیں، بلاول کے ظاہر اثاثوں کی مجموعی مالیت ڈیڑھ ارب روپے ہے۔

تازہ ترین