• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 سال میں سندھ میں کام نہیں ہوئے، کبھی وزیراعلیٰ نے آسرا دیا تو کبھی وزراء نے کام نہیں کیا ،زرداری

نواب شاہ(محمد انور شیخ/ بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پوری قوت سے الیکشن لڑیں گے اور اگلے پانچ سال بھی ہماری حکومت ہوگی۔زرداری ہاؤس میں کارکنوں کے اعزاز میں دئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نواب شاہ کی نشست این اے213سے الیکشن لڑرہا ہوں تاہم شریک سربراہ کی حیثیت سے مجھے پورے ملک کے دورے کرنے ہیں اس لئے نواب شاہ میں میری الیکشن مہم آصفہ بھٹو زرداری اور ڈاکٹر عذارفضل پیچوہو چلائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پنجاب میں بھی ہم ہی حکومت بنائیں گے اور اگر ہمیں اکثریت نہ ملی تو مخلوط حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ گذشتہ دو سال میں سندھ حکومت میں لوگوں کے کام نہیں ہوئے کبھی وزیر اعلی نے آسرا دیا تو کبھی وزراء نے کام نہیں کیا لیکن انہوں نے کہا کہ آئندہ سندھ میں ایک بار پھر ہماری حکومت بنے گی اور اس کے بعد ہم سندھ کے لوگوں کیلئے تعلیم، صحت اور روزگار کے دروازے کھول دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواب شاہ سمیت سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعلیمی اداروں کا جال بچھایا ہے تاکہ ہمارے بچے اچھی تعلیم حا صل کرسکیں عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچائیں ہیں اور روزگار بھی فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواب شاہ میں پاکستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج بنایا گیا ہے اس کے علاوہ ماں اور بچے کی صحت کا جدید اسپتال قائم کیا گیا اور شہید بینظیر جنرل یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
تازہ ترین