• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجانی میں ضعیف العمر شخص نے بیوی کوقتل کرکے خود کشی کرلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں ضعیف العمر شخص نے مبینہ طور پر بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد گولی مار کر خودکشی کرلی،تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود یوسف گوٹھ مکان نمبر A-165 سے ضعیف العمر مرد اور خاتون کی گولیاں لگی لاشیں ملیں ، لاشوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں مقتولین کی شناخت 65 سالہ حیات بی بی اور 70 سالہ حاجی ممتاز ولد غلام حسین کے ناموں سے ہوئی،پولیس کے مطابق مقتولہ حیات بی بی چار بچوں کی ماں تھی جن میں تین لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہے ، مقتولین کے دو بیٹے گودھرا اور بیٹی ملتان میں ہے ، مقتولین کاایک بیٹا سجاد اسکے ساتھ رہائش پذیر تھا اور وہ عید کے تیسرے روز اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ گھومنے کیلئے گیا ہوا تھا،پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کا بیٹا سجاد پیر اور منگل کی درمیانی شب اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ گھر پہنچا تو گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا ،متعدد بار دروازہ بجانے کے بعد نہ کھولنے پر مقتولہ کا بیٹا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوا تو ماں باپ کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں ، پولیس نے جائے وقوعہ سے 12 بور رائفل بھی اپنی تحویل میں لے لی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی رائفل حاجی ممتاز کی لائسنس یافتہ تھی،پولیس کے مطابق مقتول نے اس سے قبل بھی خودکشی کی کوشش کی تھی،پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خاتون ایم ایل او نہ ہونے کی وجہ سے ایم ایل میں تاخیر ہوئی ہے اور ایم ایل رپورٹ آنے کے بعد ہی واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا،پولیس نے لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد مقتولہ کے بیٹے سجاد کے حوالے کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
تازہ ترین