• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی خواہش پر گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ کیوں چھوڑوں، ظفر جھگڑا

عمران کی خواہش پر گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ کیوں چھوڑوں، ظفر جھگڑا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی طرف سے بطور گورنر میری تبدیلی کے مطالبہ پر افسوس ہوا ہے، فاٹا اصلاحات کے بعد سے گورنر خیبرپختونخوا کے پاس فاٹا سے متعلق کوئی اختیار نہیں رہ گیا ہے، میں نے اپنے آئینی عہدے کا احترام کرتے ہوئے کبھی اپنی پارٹی کیلئے کچھ نہیں کیا، عمران خان کی خواہش پر گورنر خیبر پختو نخوا کا عہدہ کیوں چھوڑوں، مجھے آئین کے مطابق گورنر کا عہدہ سونپا گیا ہے، ابھی تک ہر کام آئین کے مطابق کیا آئندہ بھی آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں، عمران خان کو کوئی اعتراض تھا تو مجھ سے براہ راست بات کرنی چاہئے تھی۔ نگراں وزیراطلاعات علی ظفر نے کہا کہ نگراں حکومت کے ساتھ گلہ شکوہ کا اظہار خط کے ذریعہ کرنا اچھی روایت ہے، وفاقی بیوروکریسی میں تبدیلی مرحلہ وار کی جارہی ہے، وفاقی سطح پر بیوروکریسی میں تبدیلی کیلئے کام شروع کردیا ہے کل یا پرسوں تک تباد لے ہوجائیں گے، بیوروکریسی میں صوبائی سطح پر تبد یلیا ں نگراں وزرائے اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ہیں، عمران خان نے گورنر خیبرپختونخوا کیخلاف کوئی ایسا الزام نہیں لگایا جس پر تحقیقات کی جاسکیں، گورنر خیبرپختونخوا کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے بات کریں گے، فاٹا اب خیبرپختونخوا کا حصہ ہے وہاں گورنر کا کوئی کردار نہیں رہا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان الطاف احمد نے کہا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد گورنر کے پاس مالی و انتظامی اختیارات نہیں ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام معا ملا ت پر عقابی نظر رکھی ہوئی ہے، موجودہ الیکشن کمیشن کسی کو بھی الیکشن پر اثرانداز نہیں ہونے دے گا۔نمائندہ جیو نیوزلندن مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز پچھلے چھ دن سے وینٹی لیٹر پر ہیں، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کی تصدیق کردی ہے، شریف خاند ا ن کے افراد نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی سچویشن ہر ممکن بہتر کرنے کیلئے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے، ڈاکٹرز کو امید ہے کہ وینٹی لیٹرپر رکھنے سے کلثوم نواز کی حالت میں بہتری آسکتی ہے، وینٹی لیٹرز پر ڈاکٹر انہیں مریضوں کو رکھتے ہیں جن کی بحالی کی امید ہوتی ہے۔سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی بیان حلفی میں شامل شق این کے تحت مستردکیے گئے جس میں امیدوار سے اپنے حلقے میں کیے گئے کاموں سے متعلق پوچھا گیا ہے جبکہ عمران خان تو کبھی اپنے حلقے میں ہی نہیں گئے، عمران خان اور فاروق ستار سمیت دیگر امیدواروں کوکاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہے، فاروق ستار کو الیکشن ٹریبونل کے ججوں کو مطمئن کرنا ہوگا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں حقائق کیوں نہیں بیان کیے، ایپلٹ ٹریبونل میں ان کی درخواست مسترد ہوگئی تو ان کے پاس سپریم کورٹ کا فورم موجود ہے۔ نمائندہ جیونیوز اعظم خان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خلاف ریفرنسز بنانے سے متعلق جو تحریری بیان دیا تھا اس پر منگل کو عدالتی حکم سامنے آیا ہے، نواز شریف کے بیان کے عدلیہ اورا سٹیبلشمنٹ سے متعلق حصے احتساب عدالت نے عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے سے انکار کردیا ہے، عدالت نے ان کو نہ صرف تضحیک آمیز قرار دیا بلکہ کہا کہ وہ غیرمتعلقہ ہیں، خاص طور پر پاناما فیصلہ خود ملزم کیخلاف آیا ہے اس پر تنقید کو کسی صورت عدالتی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا ہے۔سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ چوہدری نثار انا پرست سیاستدا ن ہیں، چوہدری نثار نے آئندہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کے بارے میں بولنے کا عندیہ دیا ہے،نواز شریف کے ساتھ چوہدری نثار کے اختلافات بہت پرانے ہیں، مریم نواز کی سیاست میں آمد سے پہلے بھی چوہدری نثار نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا تھا جسے نواز شریف نے قبول نہیں کیا تھا، 2013ء کے الیکشن سے پہلے بھی دونوں کے اختلافات اتنے بڑھ گئے تھے کہ چوہدری نثار نے نواز شریف کو ایک خط لکھ دیا تھا، چوہدری نثار 2015 ء کی کچھ باتیں سامنے لاسکتے ہیں جب وہ وزیرداخلہ ، راحیل شریف آرمی چیف اور جنرل ظہیر ڈی جی آئی ایس آئی تھے، چوہدری نثار وہ باتیں منظرعام پر لاتے ہیں توا س میں نواز شریف کے ساتھ خود ان کو بھی نقصان ہوگا، چوہدری نثار کو اس کے بعد کچھ چیزوں کا جواب دینا پڑے گا،نیوز لیکس کے حوالے سے میرے پاس جو معلومات ہیں اگر وہی باتیں چوہدری نثار بتاتے ہیں تو نواز شریف کے ساتھ ان کا بھی نقصان ہوگا، 1999ء میں کلثوم نواز اور چوہدری نثار کے اختلافات پیدا ہوئے تھے، چوہدری نثار کے انکشافات کا نواز شریف بھی جواب دیتے ہیں تو اس کا چوہدری نثار کو صرف انتخابات تک کیلئے ہی سیاسی فائدہ ہوگا، چوہدری نثار قومی اسمبلی کی دو نشستوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، پرانے حلقہ میں چوہدری نثار کی پوزیشن مضبوط نظر آتی ہے لیکن دوسرے حلقہ میں انہیں سخت مقابلہ کا سامنا ہوگا، چوہدری نثار قومی اسمبلی کی ایک نشست جیت گئے تو دیگر آزاد امیدواروں سے مل کر پریشر گروپ بنائیں گے اور تحریک انصاف یا دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت سازی میں کردار ادا کریں گے، چوہدری نثار کے حلقہ میں زبان زدعام ہے کہ چوہدری نثار ان انتخابات میں پنجاب کے صادق سنجرانی بن کر سامنے آئیں گے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نگراں سیٹ اپ اور بیوروکریسی پر عدم تحفظ کا اظہار کردیا ہے، عمران خان نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ نگراں حکومتیں انتخابات کے انتظامات سے متعلق شدید سست روی کا شکارہیں، عام انتخابات پر شکوک و شبہات کے سائے ہمیں کسی طور پر قبول نہیں ہیں، نگراں وزیراعظم فوری طور پر مداخلت کریں، نگراں وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ تین بڑی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کررہے ہیں جو پچیس جولائی کو شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کی راہ میں منفی طور پر اثر انداز ہورہے ہیں، عمران خان نے پہلی بے ضابطگی کی نشاندہی کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کے کردارپر سوالات اٹھائے ہیں، عمران خان نے گورنر خیبرپختونخوا کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اقبال ظفر جھگڑا مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل رہے ہیں اور فاٹا سے متعلق مالی اختیارات اپنے پاس رکھنے کے ساتھ سیاست میں مداخلت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، اس حوالے سے یہ بات اہم ہے کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد گورنر خیبرپختونخوا کوقبائلی علاقوں میں حاصل خصوصی اختیارات ختم ہوگئے تھے۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان نے خط میں دوسرا اعتراض بیوروکریسی سے متعلق اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ وفاق میں ن لیگ کی مقرر کردہ بیوروکریسی تاحال تبدیل نہیں کی گئی ہے، وفاقی بیوروکریسی میں جانبدار عناصر انتخابات کی شفافیت کیلئے بڑا خطرہ ہیں، عمران خان نے سندھ اور پنجاب میں بھی ضلعی انتظامیہ پر اعتراض کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید لکھا ہے کہ نگراں حکومتیں انتخابات کے انتظامات سے متعلق شدید سست روی کا شکار ہیں۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ منگل کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوگیا، کئی اہم امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تو کچھ کے منظور کرلیے گئے، عمران خان کے کاغذات نامزدگی ان کے آبائی علاقے میانوالی حلقہ این اے 195سے مسترد ہوگئے، ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامکمل اور بیان حلفی درست نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے، این اے 53سے بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے جبکہ اسی حلقہ سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کی سابق رہنما عائشہ گلالئی کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے جس کی وجہ سے بیان حلفی میں مکمل تفصیلات ظاہر نہ کرنا بنی، عمران خان کے لاہور کے حلقہ این اے 131، این اے 35بنوں اور کراچی کے حلقہ 243سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، اس کے علاوہ فاروق ستار کے بھی این اے 245سے کاغذات مسترد ہوگئے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت تشویشناک بتائی جارہی ہے، وہ لندن کے اسپتال میں وینٹی لیٹر پر ہیں، ان کا وینٹی لیٹر کب ہٹایا جائے گا اس حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ، نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن میں موجود ہیں، نواز شریف نے منگل کو کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے ہی امید ہے۔ شاہز یب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہیں مگر پاکستان میں ان کیخلاف احتساب عدالت کی کارروائی جاری ہے، شریف خاندان کے وکلاء کی درخواست پر عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو چار دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیدیا ہے، دوسری طرف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے، احتساب عدالت نے خواجہ حارث کی کیسوں سے دستبرداری کی حالیہ درخواست کو بھی منگل کو ان کی پیشی کے بعد خارج کردیا یعنی اب خواجہ حارث ہی نواز شریف کا مقدمہ لڑیں گے، منگل کو نیب ریفرنسز کی کارروائی وہاں سے ہی شروع ہوئی جہاں سے خواجہ حارث چھوڑ کر گئے تھے،احتساب عدالت میں تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ فیصلہ سنانے سے متعلق وکیل صفائی بحث کرتے رہے جبکہ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اس سے متعلق سماعت ہونی ہے، اگر اسلام آباد ہائیکورٹ بدھ کو احتساب عدالت کے پانچ جون کے فیصلے کو برقرار رکھتی ہے تو احتساب عدالت کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ نو جولائی تک کسی بھی ایک ریفرنس کا فیصلہ سنائے اور اگر اسلام آباد ہائیکورٹ احتساب عدا لت کے پانچ جون کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے تو احتساب عدالت کو تینوں ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنانا ہوگا ، کیا نو جولائی تک ایسا ممکن ہوگا یہ سوال اپنی جگہ ہے، اگر احتساب عدالت ہفتے اور اتوار کو کارروائی نہیں کرتی تو عدالت کے پاس صرف چودہ دن باقی رہ جائیں گے، ان چودہ دنوں میں ایون فیلڈ ریفرنس کی کارروائی تو مکمل ہوسکتی ہے مگر باقی تینوں ریفرنسز کی کارروائی مکمل ہونا مشکل نظر آتا ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ کئی ماہ سے ناراض چوہدر ی نثار نے گزشتہ روز نواز شریف کے ساتھ چونتیس سال پرانا ساتھ ختم کرنے کا اعلان کیا، اپنے حلقہ انتخاب چکری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ وہ چونتیس سال تک نواز شریف کا بوجھ اٹھاتے رہے لیکن نواز شریف کا ان پر کوئی قرض نہیں بلکہ نواز شریف، ان کا خاندان اور پارٹی ان کے مقروض ہیں، چوہدری نثار کے بیان پر ن لیگ کے رہنماؤں کا ردعمل بھی سامنے آیا، احسن اقبال نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ کلثوم نواز زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ایسے میں تو بدترین دشمن بھی حساب کتاب موخر کردیتے ہیں، پرویز رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی بوکھلاہٹ بہت کچھ ظاہر کررہی ہے، رانا ثناء اللہ نے چوہدری نثار کو مشورہ دیا کہ دوسروں کی طرف انگلی اٹھانے سے ان پر بھی انگلیاں اٹھیں گی،چوہدری نثار نے اپنے خطاب میں کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو مسترد کردیا جبکہ تحریک انصاف نے بھی ایسی خبروں کی تردید کردی۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا پاکستان، امریکا اور افغانستان میں رابطوں کے بعد افغان امن عمل میں اہم پیشرفت ہورہی ہے، امریکی وزیرخارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فون پر پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری لانے سمیت افغانستان میں سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں تمام عسکریت پسندوں اور دہشتگردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی اہمیت پر بات چیت، جنرل باجوہ کا افغان صدر کی دعوت پر دورئہ کابل، افغان صدر کا افغان طالبان کے ساتھ عید کے موقع پر جنگ بندی کا اعلان جس کا دوسری طرف سے مثبت جواب اور پھر ڈرون حملے میں افغانستان کے سرحدی علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کا مارا جانا، افغان صدر کا اس اہم پیشرفت پر پاکستانی قیادت کو خود آگاہ کرنا اور امریکا کا افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے آمادگی کا اظہار ، یہ سب بہت اہم خبریں ہیں۔

تازہ ترین