• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن، ساڑھے 3 لاکھ فوجی ڈیوٹی دینگے، وزارت دفاع اہلکار دینے پر راضی، پچھلے دو سال میں ریٹائرڈ ہونے والے بھی طلب، نگراں وزیراعظم کا دورہ الیکشن کمیشن، بریفنگ

الیکشن، ساڑھے 3 لاکھ فوجی ڈیوٹی دینگے، وزارت دفاع اہلکار دینے پر راضی، پچھلے دو سال میں ریٹائرڈ ہونے والے بھی طلب، نگراں وزیراعظم کا دورہ الیکشن کمیشن، بریفنگ

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عام انتخابات کے لیے پاک فوج کے ساڑھے3لاکھ اہلکار دینے پر رضامندی ظاہر کردی ‘ تفصیلات کے مطابق ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور الیکشن میں سکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں ۔ ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست کا غیر رسمی جواب دے دیا ہے جس میں عام انتخابات کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی ہے اور اس کیلئے 2 برسوں کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجیوں کو الیکشن ڈیوٹیوں کیلئے طلب کرلیا ہے اور ریٹائرڈ جوانوں کے پاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے۔ادھر نگراں وزیراعظم نے جمعرات کو الیکشن کمیشن سیکریٹ کا دورہ کیاجہاں انہیں انتخابات کی تیاریوں، سکیورٹی امور اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔اے پی پی کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عام انتخابات 2018ءکیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک کی انتظامیہ غیر جانبدارانہ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا سے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کہی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آئندہ عام انتخابات 2018ءکیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے ملک کے تمام اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ آئین کی بالادستی کے ساتھ قوم کی توقعات پر پورا اتر سکیں اور الیکشن کمیشن اس قومی اور آئینی فریضہ سے احسن طریقہ سے نبرد آزما ہو سکے۔آئی این پی کے مطابق نگراں وزیراعظم کی الیکشن کمیشن ہیڈ آفس آمدکے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نگران وزیراعظم کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی میڈیا نمائند و ں اور سائلین کو دفتر سے باہر نکال دیا گیا تھا‘سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ان کا استقبال کیا۔الیکشن کمیشن میں نگراں وزیراعظم کی سربراہی میں بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں انہیں انتخابات کی تیاریوں، سکیورٹی امور اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کے لیے مکمل تیار ہے جبکہ قیام امن یقینی بنانے کے لیے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جارہے ہیں‘اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔

تازہ ترین