• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرسٹرخالد جاوید خان نے اٹارنی جنرل کی ذمہ داری سنبھال لی

بیرسٹرخالد جاوید خان نے اٹارنی جنرل کی ذمہ داری سنبھال لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے بیرسٹر خالد جاویدخان کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد بیرسٹر خالد جاوید نے اٹارنی جنرل کا چارج سنبھال لیاہے آج سے سپریم کورٹ میں وفاق کی جانب سے کیسز کی پیروی کرینگے۔بیرسٹر خالد جاویدخان کو سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد بدھ کے روز اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کیا گیا۔ بیرسٹر خالد جاوید خان گزشتہ 20سال سے وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ بیرسٹر خالد نے 1991میں ہائی کورٹ سے وکالت کا آغاز کیا، 2004میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔ بیرسٹر خالد جاوید نے 1993سے 1996 تک اٹارنی جنرل کے لیگل ایڈوائزر کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیںجبکہ 2007میں حکومت سندھ نے انہیں چیف لاءآفیسر مقرر کیااور بعدازاں 2013میں جب حکومت سندھ امن وامان سے متعلق عدالتی کارروائی میں مشکل کا شکار تھی اس وقت بھی انہوں نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کے فرائض بھی سر انجام دئیے۔بیرسٹر خالد جاویدخان پیشے کے اعتبار سے آئین، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، کسٹمز، جائیداد کے امور، بینکنگ لاء اور سروسز کے قوانین پر عبور رکھتے ہیں۔ انہوں نے لندن یونیورسٹی سے LLBکی ڈگری حاصل کی اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے BCL(بیچلر آف سول لا) جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے LLMکی ڈگری لی اور لنکولن ان سے بار ایٹ لاءمکمل کیا۔ روزنامہ جنگ سے گفتگوکرتےہوئے انہوں نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے عائد کی گئی ذمہ داری سنبھال لی ہے اور آج صبح سے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیروی کرینگے۔

تازہ ترین