• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
انسٹا گرام کے بانی کی کہانی

انسٹا گرام 2010 ء میں کیون سسٹروم اور اس کے دوست مائیک کریگر نے لانچ کی تھی۔ اپنے آغاز سے لے کر آج تک یہ دنیا میں پھیلتی جارہی ہے ۔ شروع کے دو مہینوں میںہی انسٹا گرام کے 10 لاکھ یوزر سامنے آگئے تھے ،اور ستمبر 2017 ء تک ان کی تعداد80 کروڑ تک پہنچ چکی تھی۔ 2012ء میں فیس بک نے کیون سے یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک ارب ڈالر میں خرید لیا اور آج یہ دنیا کی سب سے دلچسپ سوشل ایپ مانی جاتی ہے، کیونکہ اس میں جو Cool Factorsہیں وہ کسی اور پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں ہیں۔

انسٹاگرام کیاہے؟

یہ موبائل ،ڈیسک ٹاپ اور انٹرنیٹ پر مبنی ایپ ہے جو تصاویر اور ویڈیوشیئر کرنے کی سروس فراہم کرتی ہے۔اس پر آپ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں ، ہیش ٹیگ ، جیوٹیگس اور گرافکل اسٹکرز لگاتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اس میں آگمینٹیڈ ریالٹی آبجیکٹس، ملٹی پل گرافکل فلٹرز لگا کر اپنی تصاویر میں دلچسپ ترامیم بھی کرسکتے ہیں۔ ایکسپلور ٹیب سے یوزر کو نزدیکی مشہور تصاویر اور ویڈیوز کو تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر ہیش ٹیگ کے ذریعےآپ تصاویر اور ویڈیوز کو کنیکٹ کرسکتے ہیں اور دیگر مواد اپ لوڈ کرسکتے ہیں ، اور ہیش ٹیگ سے کسی مخصوص فرد یا کونٹنٹ کو فالو کرسکتے ہیں۔

شروعات کیسے ہوئی

بچوں اور خصوصی طور پر ٹین ایجرز میں مقبول یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم مخصوص ایج گروپ میں زیادہ مستعمل ہے۔ انسٹاگرام ا سٹینفورڈ یونیورسٹی کےگریجویٹ کیون سسٹروم کی اختراع ہے، جس نےکبھی سوفٹ ویئر انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل نہیںکی۔کیون ایک عام اور اوسط ذہانت رکھنے والا طالبعلم تھا البتہ اسے بچپن سے فوٹوگرافی کا شوق تھایہاں تک کہ اس نے اپنے اس فن کی آبیاری کیلئے دیگر ملکوں میں جاکر اس کے بارے میں پڑھنے کی کوشش کی۔پھر کیون نے ’نیکسٹ اسٹاپ ‘ جوائن کی، جسے2010میں فیس بک نے خرید لیا تھا۔یہاں کیون تھوڑی بہت ، ہلکی پھلکی کوڈنگ اور پروگرامنگ کرتا رہا ۔ شام میں کام سے فارغ ہو کر وہ آفس میں مزید پروگرامنگ سیکھتا رہا لیکن اس نے یہی یا کوئی خاص کیریئر بنانے کے بارے میں کبھی سوچا نہیں تھا۔ملازمت کرتے ہوئے وہ مزے کرتا رہا ۔ روز وہ ’ مافیا وارز‘ اور ’ فور اسکوائر‘ کے مختلف اجزاء کو ملا کر کوئی نئی گیم تخلیق کرنے کی کوشش کرتا ۔ اس کو یہ کام کرنے کیلئے ’ نیکسٹ اسٹاپ ‘ نے خود کہا تھا۔ (مافیا وارز ایک مقبول گیم ہے ، جو ’پیپلز چوائس ایوارڈ ‘ جیت چکی ہے ۔فور اسکوائر بھی ایک مقبول گیم ہے ) آپ کیون کی مزید ار ملازمت کو دیکھ کر حیران ہو رہے ہوں گے۔ تاہم پروگرامنگ سیکھنے کے دوران اسے انسٹا گرام کا آئیڈیا آیا۔ اس نے سوچا کیوں نہ ایسی ایپ بنائی جائے جو صرف تصویریں ایک دوسرے کو بھیجنے یا شیئر کرنے کیلئے استعمال کی جائے۔وہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی ہلکی پھلکی پروگرامنگ کرتا رہا اور پھر 2010 میں لانچ کردیا۔ انسٹا گرام کی زبردست مقبولیت کو دیکھتے ہوئے، 2012میں فیس بک نے اسے ایک ارب ڈالر میں خرید لیا۔ انسٹا گرام کا ٹارگٹ چونکہ ٹین ایجرز تھے اس لیے کسی کو اندازہ نہیں تھاکہ وہ اتنی ہٹ ہوجائے گی۔دنیا بھر میں پھر کیون کی اس ایپ کو مشہور ہونے میں وقت نہیں لگا اور کیون ان خوش نصیبوںمیں تھا، جسے لاپرواہ رویے کے باجود اتنی بڑ ی کامیابی ملی۔

دراصل ایک دن کیون کےایک استاد نے اسےHolga کیمرا دکھایا، جس سے متاثر ہوکر کیون نے یہ ایپ بنانے کیلئے انویسٹر ڈھونڈنے شروع کیے جس کے بعد انسٹاگرام ایپ لوگوں کیلئے متعارف کروائی گئی۔انسٹاگرام کو بنانے کے 2 سال بعد اس کے صارفین کی تعداد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر سے زیادہ ہو گئی۔ کمپنی کے سربراہ کیون سسٹروم نے صارفین کی تعداد 30 کروڑ پر پہنچنے پر اسے ایک سنگ میل قرار دیا تھا۔

کیون سسٹروم کا کہنا تھا کہ انسٹا گرام پر آپ دنیا بھر میں کھینچی گئی تصویریں دیکھ سکتے ہیں۔انسٹا گرام بھی فیس بک اور ٹوئٹر کی طرح تصدیق شدہ اکاؤنٹس متعارف کروا رہا ہے۔سسٹروم نے مزید کہا کہ ہم انسٹا گرام پر صرف حقیقی اکاؤنٹس چاہتے ہیں تا کہ لوگوں کو

یقین ہو کہ وہ اصلی اکائونٹس کی پیروی کر رہے ہیں۔کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام جعلی اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے قوانین توڑنے والے اکاؤنٹس کو خارج کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کے فالورز میں کمی ہو سکتی ہے۔انسٹاگرام کے شریک بانی کے مطابق کمپنی جلد ہی نئی خصوصیات کا اضافہ کرے گی، جو صارفین کو اپنی پسند کی چیزیں دیکھنے میں مدد فراہم کریں گی۔اگر آپ ورلڈ کپ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ دیکھ سکیں گے کہ فٹ بال کھلاڑی میدان میں جانے سے پہلے کیا کر رہے ہیں۔

حال ہی میں انسٹاگرام نے اشتہارات متعارف کرائے ہیں جن کے بارے میں کچھ صارفین خوش نہیں ہیں مگر کیون سسٹروم کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ترقی کے لیے اشتہارات ضروری ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فیس بک کے ساتھ قریبی رشتے کی وجہ سے ہمیں ان کی غلطیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ہم ماضی میں دوسری کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں سے بچنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

انسٹا گرام کے حقائق

اب تک پوسٹ کی گئی تصاویر کی تعداد ، 37.7 بلین سے زائد ہے ۔

روزانہ پوسٹ کی جانیوالی تصاویر کی تعداد ، 52 ملین سے زائد ہے۔

ہر دس میں سے چار امریکی موبائل یوزر انسٹا گرام پر ہیں ۔

انسٹا گرام پر سب سے بڑے گروپ کی عمر 18سے29برس ہے۔

انسٹا گرام کی سرفہرست سیلیبریٹی 132 ملین فالورز کےساتھ سلینا گومز ہے۔

انسٹا گرام پر ماہانہ سر گرم ایڈوٹائزر ، 2 ملین ہیں ۔

2017 ء میں انسٹا گرام کا ریونیو 3.64 بلین ڈالر تھا۔

2018ء میں انسٹا گرام کا ریونیو 6.84 بلین ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین