• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دی ہنڈریڈ: بھارتی فرنچائزز کو یہ اجازت نہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کریں، مائیکل وان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی اخبار ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے ایک کالم میں سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے خبردار کیا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ انتظامیہ کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے کہ دی ہنڈریڈ میں شامل بھارتی ملکیت کی فرنچائزز پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کریں۔ 

کالم میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دی ہنڈریڈ کو ابتدا ہی سے ایک جامع اور ہمہ گیر ٹورنامنٹ کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد نئے اور متنوع شائقین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنا تھا۔ 

ایسے میں اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں کہ نئے بھارتی مالکان سیاسی یا دوطرفہ کشیدگی کی بنیاد پر پاکستانی کرکٹرز کو منتخب نہیں کریں گے تو یہ نہ صرف ٹورنامنٹ کی بنیادی روح کے منافی ہوگا بلکہ انگلینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد کرکٹرز اور شائقین کے لیے بھی تشویش کا باعث بنے گا۔

کالم کے مطابق حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پہلے ہی دی ہنڈریڈ میں اپنی کارکردگی سے متاثر کر چکے ہیں، اس لیے کسی بھی قومی بنیاد پر امتیاز کھیل کے عالمی اور پیشہ ورانہ معیار کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ 

مائیکل وان نے اس امر پر زور دیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو فوری اور واضح پالیسی اختیار کرنی چاہیے تاکہ یہ پیغام جائے کہ انگلش کرکٹ میں انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوگا، نہ کہ سیاسی وابستگی یا قومی شناخت کی بنیاد پر۔ 

رپورٹ کے مطابق اگر اس معاملے پر بروقت اقدام نہ کیا گیا تو اس کے طویل المدتی اثرات نہ صرف دی ہنڈرڈ بلکہ مجموعی طور پر انگلش کرکٹ کی ساکھ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید
Sports سے مزید